اے سی بی کی کارروائی، محکمہ بلدیہ بودھن کے 3 عہدیدار گرفتار

بودھن۔/27 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آج دوپہر اے سی بی کی ایک ٹیم نے منصوبہ بند طریقہ پر مجلس بلدیہ بودھن کے محکمہ سینٹیشن کے عہدیدار کے سرینواس راؤ سمیت جملہ تین افراد کو 30 ہزار روپئے رشوت قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ ڈائرکٹر جنرل اے سی بی تلنگانہ اسٹیٹ کے پریس نوٹ کے بموجب شکایت کنندہ ایس گنگادھر کو ملازمت فراہم کرنے کا تیقن دے کر سرینواس راؤ نے30 ہزار روپئے رشوت کا مطالبہ کیا۔ پریس نوٹ کے مطابق گنگادھر نے سرینواس راؤ کی ہدایت پر ایک خانگی فرد محمد مجیب کو 28 ہزار روپئے حوالے کئے اور دو ہزار روپئے سنیٹری جوان سریش گوڑ کو ادا کئے ۔ سریش نے اس رقم سے شراب کی بوتل خریدی جس کواے سی بی عہدیداروں نے شراب کی دکان سے برآمد کرلیا۔ بعد ازاں تینوں افراد کو دفتر بلدیہ منتقل کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج رجسٹر ڈ کیا اور انہیں اے سی بی اسپیشل جج کریم نگر کے سامنے پیش کرنے روانہ کردیا۔

یلاریڈی میں گیاس سلینڈر پھٹ
پڑا، بڑا حادثہ ٹل گیا
یلاریڈی۔/27 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل یلاریڈی مستقر پر گیاس سلینڈر پھٹ پڑنے سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔ نلگنڈہ ضلع سے بانسواڑہ کی طرف جارہی لاری میں کھانا پکایا جارہا تھا کہ حادثاتی طور پر سلینڈر کو آگ لگ جانے پر لاری کے کیبن میں آگ بھڑک اٹھی جس پر گیاس سلینڈر کو باہر پھینک دیا گیا۔ محکمہ فائر بریگیڈ عہدیدار آگ بجھارہے تھے کہ اچانک سلینڈر پھٹ پڑا اور ٹکڑے ٹکڑے ہوگیا۔ اس کے ٹکڑے دور جاگرنے سے کسی کو کوئی نقصان نہیں ہوا ، ایک بڑا حادثہ ہونے سے ٹل گیا۔ لاری کی کیبن جزوی طور پر جل گئی۔