دوشانبے (تاجکستان)24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ایشین فٹبال کپ انڈر 14 میں ہندوستانی لڑکوں کو میزبان تاجکستان کے خلاف سخت مقابلہ کے بعد 0-1 سے شکست کا سامنا کرناپڑا ۔ ہندوستان نے حالانکہ مثبت انداز میں میچ کا آغاز کیا تھا اور میزبان ٹیم پر اچھا دباو بنالیاتھا تاہم بعد میں یہ دباو برقرار نہیں رہا ۔ ہندوستانی لڑکوں میں بشنو اور ننتھوئی نے ایک دو مواقع پیدا کرلئے تھے لیکن انہیں گول میں تبدیل نہیں کیا جاسکا۔ تاجکستان کی جانب سے میچ کے 30 ویں منٹ میں گول کیا گیا جو فیصلہ کن رہا ۔ ہندوستانی فٹبالرس نے ابتداء میں جو گرفت بنانے کی کوشش کی تھی وہ بعد میں برقرار نہیں رہ سکی۔
دورہ پاکستان کیلئے بنگلہ دیش اور دیگر بورڈ زسے دوبارہ رابطہ کا فیصلہ
لاہور24 مئی ( سیاست ڈاٹ کام )پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر کا کہنا ہے کہ زمبابوے کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شائقین کے جوش و جذبے سے پوری دنیا میں مثبت پیغام گیا کہ پاکستان بین الاقوامی کرکٹ کیلئے موزوں ملک ہے ، پہلے میچ میں شائقین کو پیش آنے والی مشکلات کا ازالہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بھی دیگر ممالک سے رابطے کئے تھے اور اب زمبابوے کے دورے کے بعد ان سے پھر رابطہ کریں گے کیونکہ ان ممالک نے کہا تھا کہ پی سی بی ایک بار سیریز کا کامیاب انعقاد کرائے اس کے بعد ہم بھی ٹیمیں بھیجیں گے ، صرف بنگلہ دیش ہی نہیں تمام ممالک سے رابطہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے میچ میں کچھ خامیاں سامنے آئی ہیں، کوشش ہوگی کہ آئندہ شکایات کو کم کیا جا سکے۔