سال 2019 کے اختتام تک ملک گیر سطح پر مزید 25 اسٹور قائم کرنے کی تجویز
حیدرآباد۔17اپریل(سیاست نیوز) مستعملہ اور نئے اشیاء کی خرید و فروخت کے لئے تیار کردہ ای۔کامرس پلیٹ فارم Quikr نے ریاست تلنگانہ میں اپنا تیسرا اسٹور کھول دیا ہے اور منچریال میں کھولے گئے اس اسٹور کے بعد Quikr کے ذمہ داروں نے اعلان کیا کہ سال 2019کے اختتام تک ملک بھر میں کم از کم 25اسٹورس کھولنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور اس منصوبہ میں کامیابی کے مکمل امکان ہیں کیونکہ ملک بھر میں مستعملہ اشیاء اور نئے اشیاء کی خرید و فروخت کا مارکٹ بہت بڑا ہے اور لوگ اب ان اشیاء کو ہاتھ لگا کر دیکھنے کے بعد خریدی کے متعلق منصوبہ تیار کر رہے ہیں اسی لئے کوئیکر نے اپنے اسٹورس کھولنے کا فیصلہ کیا تھا اور سابق میں نظام آباد اور نلگنڈہ میں کوئیکر نے اپنے دو اسٹور کھول لئے ہیں اور گذشتہ یوم منچریال میں یہ اسٹور کھولا گیا ہے ۔ مسٹر جی شرت چندرا نے بتایاکہ کمپنی کی جانب سے ایسے مقامات کی نشاندہی کی جا رہی ہے جہاں ان اشیاء کے استعمال کے رجحان میں اضافہ دیکھا جا رہاہے اور جن علاقوں اور شہرو ں میں کوئیکر کے ذریعہ خرید و فروخت کے رجحان میں اضافہ دیکھا جا رہاہے ان علاقوں میں اسٹور کی کشادگی کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جانے لگا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ان کے اسٹورس پر کراکری‘ فرنیچر‘ الکٹرانکس اور گھریلو استعمال کی اشیاء کی طلب میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے اور اس اضافہ کو دیکھتے ہوئے مستعملہ اور نئے اسٹاک کو پیش کرنے میں کسی قسم کی مفاہمت نہیں کی جا رہی ہے اور ان اسٹورس کی یہ خصوصیت ہے کہ ان اسٹورس سے فروخت کئے جانے والی اشیاء مکمل طور پر وارنٹی اور گیارنٹی کی حامل ہیں اسی لئے عوام کو اس اسٹور سے اشیاء کی خریدی کیلئے کوئی تامل نہیں ہورہا ہے ۔