ای وی ایم مشینوں سے چھیڑ چھاڑ کا الزام

محبوب نگر۔/12ڈسمبر ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اسمبلی انتخابات میں استعمال شدہ ای وی ایم مشینوں میں ٹمپرنگ کا الزام صدر ضلع کانگریس عبید اللہ کوتوال نے آج دوپہر ایک پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے لگایا۔ انہوں نے کہا کہ ای وی ایم مشینوں میں پولنگ سے زائد ووٹ بتائے جارہے ہیں۔ انہوں نے وی وی پیاڈس کے سلپس کی گنتی کا مطالبہ کیا۔ ضلع الیکشن آفیسر نے ہمارے مطالبہ پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ انہوں نے ٹی آر ایس قائدین پر الزام لگایا کہ بڑے پیمانے پر شراب اور رقومات تقسیم کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی گئی اور ضلع عہدیداران صرف تماشائی بن کر رہ گئے ہیں اور ان حرکتوں پرکوئی روک نہیں لگائی۔ اس موقع پر انہوں نے کانگریس کو ووٹ دینے پر عوام سے اظہار تشکر کیا اور ضلع کے منتخب ارکان اسمبلی کو مبارکباد دی۔ اس موقع پر ضلع کانگریس کے نائب صدر رنگاراؤ، میڈیا سیل کنوینر سی جے بنہراور دیگر موجود تھے۔

کار پلٹ جانے سے
دس ماہ کی شیر خوار ہلاک
یلاریڈی۔/12ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) منڈل سدا شیو نگر کے سرکل علاقہ شیوار پر شاہراہ سے گذرنے والی کار بے قابو ہوکر پلٹ جانے سے کار میں موجود شیر خوار معصوم لڑکی ہلاک ہوگئی اور چار افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق موضع سے تعلق رکھنے والے اشوک اس کی بیوی سجاتا ، بیٹی دس ماہ کی اشویکا کے ساتھ دیگر دو رشتہ دار یوشووا، گنگووا کاماریڈی سے اپنے موضع کو واپس آرہے تھے کہ سرکل علاقہ کے قریب کار بے قابو ہوکر پلٹ کر جھاڑیوں میں جاگری جس پر اشوک، سجاتا ، یوشوا، گنگوا کو جزوی زخم لگے اور معصوم کو دواخانہ علاج کیلئے منتقل کیا گیا حالت تشویشناک ہونے پر معصوم نے سرکاری دواخانہ میں دم توڑ دیا۔ شام کے وقتوں میں ہلکی سی بارش ہونے پر کار بے قابو ہوکر پھسل کر جاگرنے کا مقامی سبب بتارہے ہیں۔