ای وی ایم سے متعلق شعور بیدار کرنے کی ہدایت

جگتیال میں جائزہ اجلاس سے جوائنٹ کلکٹر بی راجیشم کا خطاب
جگتیال۔/22فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)دفتر ضلع کلکٹر میں آج جوائنٹ کلکٹر بی راجیشم نے تحصیلدار ان کے ہمراہ پارلیمانی انتخابات کی تیاریوں سے متعلق اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہر دیہی علاقہ میں شعور بیداری پروگرام کے تحت بوتھ لیول آفسیر کے ساتھ میٹنگ منعقد کی جائے اور ہر دن کم از کم دو دیہاتوں میں شعور بیداری پروگرام کے تحت ’’ انتخابی مدارس ‘‘ کی مہم کے ذریعہ ای وی ایم اور پیاٹ سے متعلق شعور بیدار کیا جائے ۔ بوتھ لیول آفیسرس کو اس انداز میں تربیت فراہم کریں کہ وہ آسانی سے رائے دہندوں کے شبہات دور کرسکیں۔ اس موقع پر جوائنٹ کلکٹر نے کہا کہ یکم جنوری2019 تک جن افراد کی عمر 18 سال مکمل ہوچکی ہو ایسے تمام افراد کے ناموں کا فہرست رائے دہندگان میں اندراج کیا جائے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ معروف شخصیات کے ناموں میں کسی قسم کی غلطیاں نہ ہوں اور ان کے نام ووٹر لسٹ سے خارج نہ ہوں، اس خصوص میں بوتھ لیول آفیسرس فہرست رائے دہندگان کا ازسر نو جائزہ لے تاکہ کسی بھی فرد کے ناموں میں خرابیاں نہ ہوں۔ فہرست رائے دہندگان کو شفافیت کے ساتھ ترتیب دیا جائے۔ اس میں کسی قسم کی غلطیاں نہ ہوں۔ بوتھ لیول آفیسرس کے ساتھ شعور بیداری پروگرام میں او پی ایم اور میونسپل سے متعلقہ ملازمین بھی موجود ہوں۔ انتخابی سازوسامان کی ضرورت کا جائزہ لے کر فہرست پیش کرنے کی انہوں نے تاکید کی۔ گزشتہ انتخابات میں اپنے فرائض کی انجام دہی میں تساہلی برتنے والے ملازمین کی جگہ نئے افراد کا تقرر کیا جائے گا۔ ہر ہفتہ کتنے افراد میں شعور بیداری اور سویپ کمیٹی سے متعلق جملہ سرگرمیوں پر مشتمل پروگرام منعقد کئے گئے اس کی رپورٹ پیش کرتے رہیں۔