ای وی ایم بے بھروسہ‘ بیالٹ پیپرز کی واپسی کیلئے متحدہ جدوجہد درکار

ہمیں جمہوریت بچانا ہے، حالیہ الیکشن میں مستعملہ ای وی ایمز کی جانکاری کیلئے کمیٹی کی تشکیل پر زور : ممتا بنرجی
کولکاتا ، 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے حالیہ اختتام پذیر لوک سبھا چناؤ میں استعمال کئے گئے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے بارے میں آج اعتراضات کئے اور اپوزیشن پارٹیوں سے اپیل کی کہ انتخابات میں بیالٹ پیپرز کی واپسی کیلئے مل کر مطالبہ کریں۔ ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کی سربراہ نے کہا کہ حالیہ چناؤ میں مستعملہ ای وی ایمز کے تعلق سے تفصیلات کی جانکاری کا پتہ چلانے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دینا چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں جمہوریت کو بچانا ہے۔ ہم مشینیں نہیں چاہتے ہیں، ہم بیالٹ پیپر سسٹم کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ہم ایک تحریک شروع کریں گے اور یہ بنگال سے شروع ہوگی۔وہ پارلیمانی چناؤ میں ٹی ایم سی کے ناقص مظاہرے کا جائزہ لینے کیلئے اپنے پارٹی ایم ایل ایز اور ریاستی وزراء کے ساتھ ایک میٹنگ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کررہی تھیں۔ انھوں نے کہا: ’’میں اپوزیشن کی تمام 23 سیاسی جماعتوں سے اپیل کرتی ہوں کہ یکجا ہوجائیں اور بیالٹ پیپرز کی واپسی کا مطالبہ کریں۔ ہمیں اپنی آواز ضرور اٹھانا چاہئے۔ امریکہ جیسے ترقی یافتہ ملک نے تک ای وی ایمز پر امتناع عائد کررکھا ہے۔‘‘ انھوں نے کہا کہ حقائق کا پتہ چلانے والی کمیٹی کو معلوم کرنا چاہئے کہ آیا مشینوں میں مخصوص نوعیت کی دھاندلی کیلئے پروگرامنگ کی گئی تھی یا نہیں۔ میں قبول نہیں کرتی کہ یہ لوک سبھا چناؤ عوام کا خط اعتماد ہے۔ ’’میری تمام اپوزیشن پارٹیوں سے اپیل ہے کہ وہ حقائق کا پتہ چلانے والی کمیٹی کی تشکیل کو یقینی بنائیں تاکہ ہم اس قسم کے انتخابی نتائج کا حقیقی سبب معلوم کرسکیں۔ برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے خود اس مرتبہ 303 نشستیں جیت لئے اور پارلیمانی الیکشن میں اپنی زبردست فتح کو یقینی بنایا۔