لندن 13 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ڈیوڈ کولئیر امکان ہے کہ انگلینڈ اینڈ ویلس کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکیٹیو کے عہدہ سے مستعفی ہوجائیں گے ۔ برطانوی ذرائع ابلاغ نے یہ بات بتائی ۔ سمجھا جارہا ہے کہ جاریہ انگلش سیزن کے بعد کولئیر سبکدوش ہوجائیں گے ۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس صورتحال سے نمٹنے بورڈ کی جانب سے عارضی تقرر عمل میں لایا جائیگا ۔ 59 سالہ ڈیوڈ کولئیر گدشتہ تقریبا ایک دہے سے ای سی بی کا ذمہ سنبھالے ہوئے تھے اور ان کی نگرانی میں انگلش ٹیم نے کئی یادگارکامیابیاں حاصل کی ہیں ان میں آسٹریلیا میں ایشیس سیریز میں کامیابی بھی شامل ہے ۔ یہ کارنامہ انگلش ٹیم نے تقریبا پچیس سال بعد انجام دیا تھا ۔ انگلینڈ نے کولئیر کے دور ہی میں 2012 میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی اعلی ترین ٹسٹ رینکنگ حاصل کی تھی اور یہ بالکل پہلی مرتبہ ہوا تھا ۔
اس کے دوسرے سال تاہم انگلینڈ کو شکستوں کا سامنا کرنا پڑا اور وہ ٹسٹ رینکنگ سے محروم ہوگئی تھی ۔ علاوہ ازیں انگلینڈ نے 2010 میں کولئیر کی نگرانی ہی میں ویسٹ انڈیز میں ورلڈ ٹوئنٹی 20 ٹورنمنٹ جیتا تھا ۔ انگلینڈ کی یہ کامیابی بھی پہلی بڑی کامیابی تھی ۔ کولئیر نے میدان کے باہر انگلش ٹیم کو مستحکم اور مضبوط بنانے کیلئے بہت کچھ کیا تھا اور انہوں نے بڑے پرکشش براڈ کاسٹ معاملے بھی کئے تھے ۔ ان کی علیحدگی حالیہ وقتوں میں دوسری اہم شخصیت کی علیحدگی ہوگی کیونکہ پال ڈاؤن ٹاؤن کو ہگ مورس کی علیحدگی کے بعد ایم ڈی مقرر کیا گیا ہے ۔