ایگزٹ پولس کی پیش قیاسیاں کانگریس نے مسترد کردیں

نئی دہلی 13 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج اس کے ناقص مظاہرہ کی ایگزٹ پولیس میں کی ہوئی پیش قیاسیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ چند لاکھ افراد سے بطور نمونہ سروے کے ذریعہ لوک سبھا کے انتخابات نتائج کی پیش قیاسی نہ ممکن ہے ۔ کانگریس قائد ڈگ وجئے سنگھ نے کہا کہ 80 کروڑ رائے دہندوں کے ملک میں کوئی بھی بطور نمونہ سروے کر کے انتخابی نتائج کی پیش قیاسی کرسکتا ہے ۔ ہمیں 16 مئی تک انتظار کرنا چاہئے ۔ اپنے ٹوئٹر پر آج صبح انہوں نے اس تحریر کے ذریعہ ایگزٹ پولس کی پیش قیاسیوں کو مسترد کردیا ۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری شکیل احمد نے بھی ایگزٹ اور اوپنین پولس کی پیش قیاسیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ 2009 کے انتخابات میں بھی ایسی پیش قیاسیاں غلط ثابت ہوچکی ہیں۔ کانگریس 16 مئی تک جبکہ انتخابی نتائج کا اعلان کیا جائے گا انتظار کرے گی۔ کانگریس پارٹی نے ایگزٹ پولس پروگرامس کے نشریہ میں جو کئی خبر رساں چینلس کی جانب سے کل شام منعقد کیا گیا تھا شرکت نہیں کی۔ شکیل احمد نے کل کہا کہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے کانگریس ایگزٹ پولس پروگرام میں شرکت نہیں کرے گی۔