نئی دہلی۔26 فروری (سیاست ڈاٹ کام)ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر نے ہار کے باوجود ہندوستانی ٹیم کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وراٹ کوہلی کی قیادت والی ٹیم انڈیا پونے میں پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف شرمناک شکست کے بعد واپسی کرے گی۔ ہندوستان کو پہلے ٹیسٹ میں 333 رنز سے شکست جھیلنی پڑی اور ٹیم دونوں ہی اننگز میں 110 رنز بنانے میں بھی ناکام رہی۔اتوار کی صبح یہاں نئی دہلی میراتھن کو ہری جھنڈی دکھانے والے تندولکر نے کہا کہ چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں ابھی کچھ طے نہیں ہے۔ میراتھن کو ہری جھنڈی دکھانے کے بعد تندولکر نے کہا، \ ‘ہندوستان آسٹریلیا ٹیسٹ سیریز پر بات کروں تو یہ ہمارے لئے سخت ٹیسٹ میچ تھا۔ لیکن یہ کھیل کا حصہ ہے۔ اس ہار کا مطلب یہ نہیں کہ ہم نے سیریز گنوا دی، سیریز میں اب بھی کچھ طے نہیں ہے۔ ‘انہوں نے کہا، ‘ہندوستانی ٹیم کے جذبے کو جاننے کی وجہ سے مجھے پتہ ہے کہ وہ واپس آ جائیں گے۔ آسٹریلیائی ٹیم کو بھی اس بارے میں جانتے ہیں کیونکہ جب ہم انہیں شکست دیتے ہیں تو ہمیں بھی پتہ ہوتا ہے کہ وہ واپس آ جائیں گے۔ مجھے کوئی شک نہیں ہے کہ ہندوستانی ٹیم واپسی کرے گی اور سخت مقابلہ کرے گی ۔ تنڈولکر نے کہا کہ ہر ٹیم اور کھلاڑی کے کیریئر میں مشکل لمحات آتے ہیں اور یہی کھیل دلچسپ بناتا ہے۔ بین الاقوامی کرکٹ میں 100 سنچری جڑنے کے بعد 2013 میں ریٹائرمنٹ لینے والے تندولکر نے کہا، ‘اچھے لمحات بھی ہوتے ہیں اور مشکل لمحات بھی اور یہ اس پر منحصر ہے کہ آپ کو گرنے کے بعد اپنے پیروں پر پھر کس طرح کھڑے ہوتے ہو اور ٹکر دیتے ہو۔ یہی چیز کھیل دلچسپ بناتی ہے۔ کھلاڑی اسی کے لئے کھیلتے ہیں۔ ‘میراتھن کے بارے میں تندولکر نے کہا، ‘اس میراتھن کے بارے میں مثبت چیز یہ ہے کہ لوگوں کو زیادہ شامل کیا جا رہا ہے۔اس میں حصہ لینے والے دہلی کے لوگوں میں کافی جوش و خروش ہے۔