کراچی۔22 جون (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی میں پاکستان ٹیم کی ہندوستان کے خلاف کامیابی کو تاریخی قرار دیا ہے۔کراچی میں اپنی فاؤنڈیشن کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہد آفریدی نے کہا کہ سرفراز کی ٹیم نے چیمپینز ٹرافی جیت کر بڑا کارنامہ سرانجام دیا ہے جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، جب کرشمہ ہوتے ہیں تو وہ بہت عرصے تک یاد رکھے جاتے ہیں۔آفریدی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے معاملات سدھارنے کیلئے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں اطمینان سے نہیں بیٹھ جانا چاہیے اور ملک کے کرکٹ کے نظام، وکٹوں، امپائرنگ کے معیار میں بہتری کا مطالبہ کیا۔آفریدی نے کہا کہ ایک ٹرافی جیتنے کے بعد ہمیں یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ ہم نے دنیا فتح کر لی ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ کامیابی اور شکست کھیل کا حصہ ہوتی ہے جیسا کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مثال ہمارے سامنے ہے لیکن سب سے اہم مستقل مزاجی ہے۔ ہمیں ایک ایسا نظام بنانے کی ضرورت ہے جس کی بدولت ہم تواتر کے ساتھ ٹرافی جیت سکیں۔