ایک ملک ایک الیکشن ،نقوی کا بیان

نئی دہلی30اکتوبر(سیاست ڈاٹ کام )بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی )کے سینئررہنما اور اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات ایک ساتھ کرانے پر زوردیتے ہوئے کہا کہ باربارانتخابات ہونے سے ترقیاتی کاموں میں خلل پڑتا ہے ۔مسٹر نقوی نے ‘ملک کی تعمیر نو میں اقلیتوں کا کردار’ کے موضوع پریہاں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات الگ الگ ہونے سے اور بار بار انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہونے سے ترقیاتی کاموں میں خلل پڑتاہے ۔سرکاریں پیسہ ہونے کے باوجود خرچ نہیں کرپاتیں۔ایک ملک ایک انتخاب سے آدھے مسائل حل ہوجائیں گے ۔اقلیتی فرقہ کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس طبقہ کے لوگوں نے ملک کی آزادی سے پہلے اور بعد میں ملک کی تعمیر میں اہم تعاون دیا ہے اور آئین نے انھیں برابری کا حق دیا ہے۔پچھلی حکومت سیکولرازم کی بات کرتی تھی اور اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کرتی تھی ۔اب کسی کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں کیا جاتا ہے اور لوگ تعلیم اور روزگار حاصل کرنے کے طریقوں کو سمجھ گئے ہیں ۔ اقلیتی امور کے وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی میں ہی جموں کشمیر کے مسئلہ کو حل کرنے کی ہمت اور جذبہ ہے ۔انھوں نے جرات کا ثبوت دیتے ہوئے اس ریاست کے سبھی طبقوں کے لوگوں کی رائے معلوم کرنے کے لئے مرکز کا نمائندہ مقرر کیا ہے ۔مرکزی حکومت سیکورٹی کے ساتھ ترقی کررہی ہے ۔