چاقو سے حملہ میں ایک ساتھی برسر موقع ہلاک، پولیس مصروف تحقیقات
جگتیال۔/17 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جگتیال ضلع موضع تاٹ پلی میں گزشتہ رات ایک بجے پیش آئے واقعہ میں ڈگری ہم جماعت ساتھیوں نے ایک ہی لڑکی سے محبت دام الفت میں گرفتار ہوکر حالت نشہ میں جھگڑے پر اُتر آئے اور ایک ساتھی نے دوسرے ساتھی کے سینے پر چاقو گھونپ کر ہلاک کردیا۔ اطلاع ملتے ہی جگتیال ڈی ایس پی رورل پولیس مقام واردات پہنچ گئے اور ایک مقدمہ درج رجسٹر کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا۔ ڈی ایس پی وینکٹ رمنا کی تفصیلات کے بموجب جگتیال منڈل موضع تاٹ پلی سے تعلق رکھنے والے ڈگری جماعت کے طالب علم نوین اور سراون ایک لڑکی سے محبت کرتے تھے جس میں گزشتہ رات سراون نے نوین کے مکان پہنچ کر ساتھ لے گیا اور حالت نشہ میں ایک دوسرے کے درمیان جھگڑا ہوا۔ سراون نے نوین پر پین چاقو سے حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں نوین کے قلب پر چاقو لگنے سے وہ برسر موقع ہلاک ہوگیا۔ جس کو جگتیال ایریا ہاسپٹل منتقل کیا گیا جبکہ سراون نے راہ فرار اختیار کی۔ پولیس دیگر ساتھیوں کو حراست میں لے کر واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے۔ آئے دن اس طرح کے واقعہ میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ چند یوم قبل بھی جگتیال میں دسویں جماعت کے دو ساتھیوں نے بھی لڑکی کے دام الفت میں گرفتار ہوکر اپنے آپ کو پٹرول چھڑک کر آگ لگاکر خودکشی کرلی تھی۔ دو یوم قبل بھی ایک قتل کا واقعہ پیش آیا۔ سیل فون سوشیل میڈیا پر نوجوان بے راہ روی کا شکار ہورہے ہیں اور ناسمجھی عمر میں غلط اقدام اٹھارہے ہیں جس سے سماج پر اس کا غلط اثر پڑ رہا ہے۔ اپنے مستقبل کی فکر نہ کرتے ہوئے معمولی سی بات پر اپنی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔ پولیس اس واقعہ کی مختلف زاویوں سے تحقیقات کررہی ہے۔