ایک لاکھ ملازمتوں پر تقررات کب ہوں گے؟ بیروزگار افراد کی خودکشی کیلئے کے سی آر ذمہ دار: نرسا ریڈی

کریم نگر۔/22جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے ریاست میں ایک لاکھ ملازمتوں پر تقررات کا اعلان تو کردیا لیکن اس تعلق سے اعلامیہ کب جاری ہوگا؟ اس اعلان کو کئی ماہ گذر چکے ہیں ، روزگار کے انتظار میں دو بیروزگار نوجوانوں نے خودکشی کرلی۔ان کی موت کے ذمہ دار کے سی آر اور حکومت تلنگانہ ہیں۔ تلگودیشم ریاستی ترجمان این نرسا ریڈی یہاں نوا تلنگانہ ودیارتھی سنگم ریاستی صدر ونود ریڈی کی اپنے حامیوں کے ہمراہ ٹی ایس این ایس ایف میں شرکت کے موقع پر منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ ایک لاکھ ملازمتوں پر تقررات پر عمل کیوں نہیں ہورہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بیروزگار افراد کو مایوسی سے بچانے کیلئے فوری طور پر اعلامیہ جاری کیا جائے اور تقررات عمل میں لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ برادری کی قربانیوں کا پھل کے سی آر اور ان کے اہل خاندان کھارہے ہیں۔ اس موقع پر پارٹی ضلع صدر رمنا راؤ کی این ایس ایف ریاستی صدر سی مدھوسدن نے بھی خطاب کرتے ہوئے کے سی آر سے ایک لاکھ ملازمتوں پر تقررات کے وعدہ کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر نرسنگ راؤ، تاج الدین، جی رمیش، گنٹہ راملو، یرلاپلی رویندر، پی نوین کمار، گنٹہ یادو، سریکانت، انجی ریڈی، بال ریڈی، ٹی ایشورموجود تھے۔