ایک لاکھ فلسطینیوں کی قبلہ اول میں نماز تراویح

ماہ صیام کی 23 ویں شب ہزاروں فلسطینی شہری قافلوں کی شکل میں مسجد اقصیٰ پہنچے
مقبوضہ بیت المقدس ۔ 8 جون (سیاست ڈاٹ کام) ماہ صیام میں اسرائیلی فوج اورپولیس کی طرف سے کھڑی کی گئی رکاوٹوں کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی مسجد اقصیٰ میں نماز تراویح اور دیگر نمازوں میں حاضری دینے کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔ماہ صیام کی 23 ویں شب کو بھی ایک لاکھ سے زائد فلسطینیوں نے مسجد اقصیٰ میں نماز عشاء اور تراویح ادا کی۔غرب اردن، بیت المقدس اور 1948ء کے شمالی اور جنوبی فلسطینی علاقوں سے بڑی تعداد میں فلسطینیوں نے قبلہ اول میں عشاء اور تراویح کی نمازیں ادا کیں۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مسجد اقصیٰ کے تمام اندورنی ہال اور بیرونی گیلریاں نمازیوں سے کھچا کھچ بھری ہوئی تھیں۔ فلسطینی مسلمانوں نے قبلہ الصخر کی چھت کے نیچے بھی نماز ادا کی۔دوسری طرف اسرائیلی فوج نے فلسطینی نمازیوں کے قبلہ اول میں آنے اور نمازوں کی ادائی روکنے کے لیے کئی طرح کی کڑی پابندیاں عاید کر رکھی تھیں۔ تاہم فلسطینی شہری صہیونی ریاست کی عاید کردہ پابندیاں توڑ کرقافلوں کی شکل میں قبلہ اول میں پہنچتے رہے۔ ہزاروں فلسطینیوں نے مسجد اقصیٰ میں اجتماعی افطاری میں بھی شرکت کی۔