ایک لاکھ ایکڑ زرعی اراضی پر کاشت کی گئی فصلیں تباہ

لاہور۔ 17 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)پاکستانی صوبہ پنجاب کے وزیر زراعت ملک نعمان احمد لنگڑیال نے انکشاف کیا ہے کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے صرف پنجاب میں ایک لاکھ ایکڑ رقبے پر کاشت کی گئی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے۔ایک ایسے وقت میں جب پاکستان میں سرکاری ادارہ حالیہ غیر معمولی بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں، پاکستانی صوبہ پنجاب کے وزیر زراعت نے ایک لاکھ ایکڑ پر کاشت گئی گندم کی فصل کو نقصان پہنچنے کا انکشاف کیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ گزشتہ ہفتے ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں زیادہ نقصان بہاولپور، ڈی جی خان اور ملتان کے علاقوں کے زرعی رقبے پر دیکھنے میں آیا تھا اور سرکاری سروے کے مطابق اس وقت 35 ہزار ایکڑ رقبے پر موجود فصلوں کو نقصان پہنچا تھا۔ ملک نعمان کے مطابق، ’’منگل اور چہارشنبہ کی درمیانی رات کو ہونے والی شدید بارشوں سے لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد ڈویزنز میں بھی زرعی فصلیں تباہ ہوئی ہیں، اگرچہ اس سلسلے میں حتمی سروے شروع کر دیا گیا ہے ۔ان بارشوں سے متاثر ہونے والے زرعی رقبہ ایک لاکھ ایکڑ تک ہو سکتا ہے۔‘‘