ایک شخص کی مشتبہ حالت میں موت

حیدرآباد /11 فروری ( سیاست نیوز ) معین آباد کے علاقہ میں ایک شخص کی مشتبہ حالت میں موت کا واقعہ پیش آیا جو اپنے ساتھی کے ہمراہ مئے نوشی کیلئے گیا تھا اور بے ہوشی کے عالم میں اس کی بیوی نے اسے ہاسپٹل منتقل کیا ۔ پولیس کے مطابق 50 سالہ کے ستیہ نارائنا جو پیشہ سے کسان تھا معین آباد کے علاقہ میں رہتا تھا ۔ گذشتہ روز 9 فروری کے دن وہ اپنے ساتھی کے ہمراہ ایک خانگی انجینئیرنگ کالج کے قریب شراب نوشی کر رہا تھا کچھ دیر بعد اس کے ساتھی نے اس کی بیوی کو اطلاع دی کہ ستیہ نارائنا بے ہوش پڑا ہے ۔ اس شخص کی بیوی نے فوری اپنے شوہر کو ہاسپٹل منتقل کیا جہاں علاج کے دوران آج اس شخص کی موت ہوگئی ۔ پولیس نے مشتبہ حالت میں موت کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔

پیٹ بشیرآباد میں ایک شخص کا بے رحمانہ قتل
حیدرآباد /11 فروری ( سیاست نیوز ) پیٹ بشیرآباد کے علاقہ میں ایک شخص کا بے رحمانہ انداز میں قتل کردیا گیا ۔ انسپکٹر مسٹر سبھاش چندرا بوس کے مطابق 40 سالہ گوپی عرف گوپیا جو گنڈلہ پوچم پلی علاقہ کاساکن تھا ۔ اس علاقہ میں رہتا تھا ۔ جس کا آبائی مقام کریم نگر بتایا گیا ہے ۔ اس شخص کے سر پر وزنی پتھر ڈالکر اس کا بے رحمانہ انداز میں قتل کردیا گیا ۔ تاہم قتل کی وجوہات کا پولیس کو علم نہ ہوسکا ۔ پولیس کے مطابق گوپی کی بیوی لکشمی اور بیٹی شائیلما دو ہفتہ قبل گوپی کو چھوڑکر اپنے آبائی مقام کلچارم منڈل ضلع میدک چلے گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق گوپی نے خود ان سے جھگڑا کرنے کے بعد انہیں روانہ کردیا تھا ۔ پولیس پیٹ بشیرآباد مصروف تحقیقات ہے ۔