حیدرآباد۔8 مارچ (سیاست نیوز) کشائی گوڑہ پولیس پٹرول گاڑی کے سب انسپکٹر نے ایک شخص کی خودکشی کی کوشش کو ناکام بنادیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 40 سالہ سری ہری ساکن ایسٹ ماریڈپلی جو تاجر پارچہ ہے، حال ہی میں اس نے اپنے نئے مکان کی تعمیر کی تھی جس کیلئے اس نے بھاری قرضہ حاصل کیا تھا۔ مدت کی تکمیل کے بعد بھی وہ قرض کی ادائیگی میں ناکام رہا جس کے سبب قرض دہندے آئے دن اس کے مکان پہنچ کر اس سے رقم کی ادائیگی کا مطالبہ کررہے تھے۔ سری ہری قرض کی رقم ادا کرنے میں ناکام ہونے کے سبب دلبرداشتہ ہوگیا اور اس نے کشائی گوڑہ میں واقع ایک شمشان گھاٹ پہنچ کر ایک درخت سے پھانسی لینے کی کوشش کی لیکن کشائی گوڑہ پولیس پٹرول ویان سے وابستہ سب انسپکٹر سری دھر نے اسے دیکھ کر اسے خودکشی کرنے سے روک دیا۔ بعدازاں سری ہری کو بیوی بھاگیہ اور اس کے دیگر افرادِ خاندان کے حوالے کردیا گیا۔