ایک شخص ‘ بیوی اور بیٹے کے قتل کے بعد فرار

حیدرآباد ۔ /26 مئی (سیاست نیوز) شہر کے علاقے صنعت نگر میں پیش آئے ایک دلخراش واقعہ میں ایک شخص نے بیوی اور بچہ کا بہیمانہ طورپر قتل کرکے فرار ہوگیا ۔ پولیس کے بموجب 30 سالہ راجیش اور اس کی بیوی 27 سالہ ارمیلا ، 4 سالہ کمسن بیٹا کشن گزشتہ ماہ روزگار کی تلاش میں حیدرآباد منتقل ہوئے تھے اور صنعت نگر علاقے میں مقیم تھے ۔ تفصیلات کے مطابق اترپردیش سے تعلق رکھنے والا یہ جوڑا روزگار کی تلاش میں تھا اور صنعت نگر علاقے میں ایک کرایہ کا مکان حاصل کیا ہوا تھا ۔ اس جوڑے کے ساتھ اترپردیش کا ایک اور جوڑا دیپک اور چندا بھی صنعت نگر علاقے میں آیا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ راجیش نے اپنی بیوی کا سر پر تیز دار شئے سے وار کرکے قتل کردیا اور بعد ازاں 4 سالہ کمسن بیٹے کو بکیٹ میں ڈوباکر قتل کردیا ۔ دوہرے قتل کے بعد راجیش اپنے مکان کو باہر سے مقفل کرکے فرار ہوگیا ۔ اترپردیش کے دیپک اور چندا راجیش سے ملاقات کیلئے مکان آئے تھے لیکن باہر سے مقفل ہونے کے نتیجہ میں وہ مسلسل راجیش کے فون پر فون کررہے تھے اور انہیں جواب موصول نہ ہونے پر مکان میں داخل ہوئے اور دیکھا کہ ارمیلا اور کشن کی نعشیں مکان میں پڑی ہوئی ہیں ۔ اس جوڑے نے فوری صنعت نگر پولیس کو آگاہ کیا جس کے نتیجہ میں پولیس کی ایک ٹیم سراغ رسانی دستے کے ہمراہ وہاں پہونچ کر نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کیا اور اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے راجیش کی تلاش شروع کردی ۔