ایک سی سی کیمرہ‘ 100 پولیس ملازمین کے برابر

برقراری امن کیلئے عوام سے تعاون کی خواہش ‘ یلاریڈی میں ضلع ایس پی شویتاریڈی کا خطاب

یلاریڈی ۔ 19 ؍ اگسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) امن وامان کے تحفظ کے لئے عوام کو بھی بھرپور حصہ لینے اور پولیس کامکمل ساتھ دینے ضلع ایس پی شریمتی شویتا ریڈی نے مشورہ دیا ۔ انہوں نے یلاریڈی ڈیویژن کے منڈل گندھاری مستقر پر محکمہ پولیس کی زیر اہتمام منعقدہ پروگرام میں مہمان خصوصی کے طو رپر شرکت کرتے ہوئے ہر علاقہ میں سی سی کیمرے نصب کرنے کا مشورہ دیا ۔ کیونکہ آبادی کے لحاظ سے محکمہ پولیس میں عملہ نہیں ہے ۔ اسی لئے سی سی کیمروں کو معاون کردار ادا کرنے کے لئے استعمال کرسکتے ہیں ۔ ایک سی سی 100 پولیس ملازمین کے برابر ہے ۔ جس سے مجرموں کو کم وقتوں میں گرفتارکرنے میں مدد ملتی ہے ۔ اور ان کیمروں سے مجرموں کو خوف بھی لگا رہتاہے ۔ ضلع بھر کے تمام مواضعات میں سی سی کیمرے نصب کرتے ہوئے جرائم سے پاک ضلع بنانے جدوجہد کے ساتھ ہی ہر جگہ عوام کو شعور بیدار کرنے مختلف پروگرام منعقد کئے جا رہے ہیں ۔ گندھاری منڈل کے تمام مواضعات میں عوامی نمائندے ‘ تاجر حضرات ‘ سی سی کیمرے لگا نے کے لئے آگے آنا خوش آئند بات ہے ۔ اس عزم کو ضلع بھر میں عام کرنے کی خاطر تمام مواضعات میں شعور بیدار کیا جائیگا ۔ ضلع ایس پی شریمتی شویتا ریڈی نے مزید کہا کہ جرائم کو روکنے ہر ممکنہ اقدامات کرنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے جس سے جرائم سے پاک ضلع اور سماج کی ضمانت دی جاسکتی ہے ۔ اس موقع پر زیڈ پی ٹی سی مسٹر تاناجی راؤ ‘ سنگل ونڈو چیرمین مسٹر وزیر مکند راؤ ‘ شیواجی راؤ ‘ بدیانائیک ‘ پتنگل کشن راؤ نے بھی اپنے خطاب میں مواضعات میں سی سی کیمرے نصب کرتے ہوئے محکمہ پولیس کا ساتھ دینے کا تیقن دیا ۔ اس سے قبل محکمہ پولیس اداکاروں نے سی سی کیمروں سے سہولت پر ڈرامہ پیش کیا ۔ اس موقع پر نائب صدر منڈل پریشد مسٹر چندرنائیک ‘ یلاریڈی ڈ ی ایس پی مسٹر چندرا شیکھر گوڑ ‘ منڈل سداشیونگر مسٹر ناگراج ‘ تحصیلدار مسٹر ایس وی لکشمن ایف آر او مسٹر سنجے گوڑ ‘ سب انسپکٹر مسٹر ستیہ نارائینا اور سابق سرپنچ مقامی عوام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔