ایک سَر پھرے شخص نے مہاتما گاندھی کا قتل کیا تھا : اوما بھارتی

مرکزی وزیر کا حیرت انگیز بیان ، بابائے قوم کے اُصولوں پر کاربند ہونے کا دعویٰ

نئی دہلی۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر اوما بھارتی نے آج مہاتما گاندھی کے مبینہ قاتل ناتھو رام گوڈسے کو ایک ’’سَرپھرا شخص‘‘ قرار دیا اور کہا کہ بابائے قوم کے نظریات ناقابل فراموش اور اَبدی ہیں۔ گاندھی جی کی برسی کے موقع پر انہوں نے گنگا کنارے واقع گرام پنچایتوں سے یہ اپیل کی کہ دریا کی صفائی کی مہم میں عملاً شامل ہوجائیں اور بتایا کہ اس مہم کی کامیابی کیلئے وہ دیہاتوں میں پدیاترا کریں گی۔ رام مندر تحریک کی شعلہ بیان سادھوی نے کہا کہ آج مہاتما گاندھی کی برسی کا دن ہے اور ایک ’’سَرپھرا شخص‘‘ نے ان کی زندگی ختم کردی۔ اگرچیکہ گاندھی جی زندہ نہیں ہیں لیکن ان کے نظریات اور اُصول آج بھی زندہ جاوید ہیں۔ انہوں نے گوڈسے کا نام لئے بغیر کہا کہ گاندھی جی کا قول ہے کہ اصل ہندوستان دیہاتوں میں ہے اور آج کے دن گنگا کی صفائی پر دیہاتوں کے سرپنچوں سے مشاورت نیک شگون ثابت ہوگا۔ ’’سوچھ بھارت۔ گرامین سبھا گیتا‘‘ پر قومی مشاورتی پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے اوما بھارتی نے اپنے آپ کو گاندھی جی کا مقصد (گاندھی وادی) ہونے کا دعویٰ کیا اور بتایا کہ ان کی وزارت دریائے گنگا کی صفائی اور عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے آنجہانی قائد کے بتائے ہوئے راستے پر گامزن ہے۔ انہوں نے یہ نشاندہی کی کہ گزشتہ 30 سال کے دوران گنگا کی صفائی پر 4,000 کروڑ روپئے صرف کئے گئے، لیکن مطلوبہ نتائج برآمد نہیں ہوسکے۔

 

انہوں نے یہ ایقان ظاہر کیا کہ گنگا بہت جلد دنیا کے 10 سرفہرست پاک و صاف دریاؤں میں شامل ہوجائے گی۔ جب نمامی گنگا پروگرام کیلئے این ڈی اے حکومت کی جانب مختص 20,000 کروڑ روپئے کا استعمال کیا جائے۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ گزشتہ 60 تا 70 سال کے دوران دریائے گنگا سے متصل علاقوں میں آبادیاں قائم کی گئیں جس کا نتیجہ آلودگی کی شکل میں برآمد ہوا حتی کہ دریائے گنگا کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھے بغیر صنعتوں اور دیگر انفراسٹرکچرس کو ترقی دی گئی لیکن اب این ڈی اے حکومت نے دریائے گنگا کو پاک و صاف بنانے کا بیڑہ اُٹھایا ہے جس کیلئے ضرورت پڑنے پر اضافی فنڈس بھی حکومت سے حاصل کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کا یہ منصوبہ ہے کہ گنگا سے متصل علاقوں میں نامیاتی (کیمیائی کھاد کے بغیر) کاشت کاروں کو فروغ دیا جائے اور اس خصوص میں بہت جلد وزارت زراعت سے ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے جائیں گے۔ دریائے گنگا سے متصل دیہاتوں تک پہنچنے کیلئے پدیاترا کا اعلان کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گنگا کی صفائی کی اہمیت اور افادیت سے واقف کروانے کیلئے وہ دیہاتیوں سے شخصی طور پر ملاقات کریں گے اور اس موقع پر عوام کو وزیراعظم نریندر مودی کا پیام دیا جائے گا۔ مذکورہ قومی کنونشن میں مرکزی وزراء نیتن گڈکری، سمرتی ایرانی، سریندر سنگھ، سرونندہ سونووال، مہیش شرما اور سنوار لال جان بھی شریک تھے۔