ایک ریاست ایک ووٹ کا قانون مسترد،بی سی سی آئی کوراحت

نئی دہلی۔9 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )سپریم کورٹ نے بی سی سی آئی اور ریاست کرکٹ اسوسی ایشن کو بڑی راحت دیتے ہوئے آج ’’ایک ریاست ایک ووٹ‘‘ کے اصول کو مسترد کر دیا اور لودھا کمیٹی کے بی سی سی آئی کے کیلئے بنائے گئے آئین کے مسودے کو بھی کچھ اصلاحات کے ساتھ اپنی منظوری دے دی۔سپریم کورٹ نے بی سی سی آئی میں آئینی اور بنیادی اصلاحات کے لیے لودھا کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے عدالت کے سامنے اپنی سفارشات رکھی تھیں۔ چیف جسٹس دیپک مشرا کی صدارت میں بنچ نے بورڈ کے لیے تیار شدہ آئین کے مسودے کو کچھ تبدیلیوں کے ساتھ منظوری دے دی۔عدالت نے ساتھ ہی بی سی سی آئی کے ریاستی اراکین کو بڑی راحت دیتے ہوئے ایک ریاست ایک ووٹ کے قوانین کو منسوخ کر دیا ہے اور ممبئی، سوراشٹر، وڈودرا اور ودربھ کرکٹ اسوسی ایشن کو مستقل رکنیت فراہم کر دی ہے ۔ چیف جسٹس نے تملناڈو سوسائٹی کے رجسٹرار جنرل کو چار ہفتوں کے اندر نئے نظر ثانی بی سی سی آئی آئین مسودے کو ریکارڈ کرنے کے لئے ہدایات بھی دی ہیں۔بینچ میں جسٹس اے ایم کھانولکر اور ڈی وائی چندرچوڑ بھی شامل تھے ۔ انہوں نے ریلوے ، فوج اور یونیورسٹیزکی مستقل رکنیت کو بھی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا جسے پہلے عدالت عظمی کی طرف سے قائم لودھا کمیٹی کی سفارش پر منسوخ کر دیا گیا تھا۔عدالت نے بی سی سی آئی کے عہدیداروں کے لیے کولنگ آف’یا دو وقفہ کار کے درمیان فرق کی مدت کے قوانین میں بھی تبدیلی کی ہے۔ ترمیمی قوانین کے مطابق بورڈ کا کوئی اعلی عہدیدار اب ایک کی بجائے مسلسل دو مدت تک عہدے پر قائم رہ سکتا ہے ۔عدالت نے ساتھ ہی کرکٹ اسوسی ایشن کو حکم دیا ہے کہ وہ30 دنوں کے اندر بی سی سی آئی کے آئین کا اطلاق کریں۔ اس کے لیے عدالت نے خود قائم منتظمین کی کمیٹی (سی او اے ) کو بھی ہدایت دی ہیں کہ وہ اس عمل کی نگرانی کرے ۔ ریاستی اسوسی ایشنز کو قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر سزا کے لئے بھی خبردار کیا گیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ 5 جولائی کو اپنے فیصلے میں تمام ریاستی کرکٹ اسوسی ایشنز کو عدالت عظمی نے اگلے حکم تک انتخابات کروانے سے روک دیا تھا۔وہیں گزشتہ سماعت میں تملناڈو کرکٹ اسوسی ایشن (ٹی این سي اے ) نے بی سی سی آئی اور ریاستی اسو سی ایشنز کے عہدیداروں کے لئے کولنگ آف کی مخالفت کی تھی۔ ٹي این سي اے نے ساتھ ہی آر ایم لودھا کمیٹی کے عہدیداروں کے لئے 70 سال کی عمر تک عہدے پر رہنے کی سفارش کی بھی مخالفت کی تھی۔ اگرچہ عدالت نے عہدیداروں کے لیے 70 سال کی عمر کا تعین کرنے کے قوانین کو برقرار رکھا ہے ۔عدالت نے اس سے پہلے بی سی سی آئی کے عہدیداروں اور ریاستی کرکٹ اسوسی ایشن کو ہندوستانی بورڈ کے نئے آئین کے لئے اپنے مشورہ دینے کے لیے بھی کہا تھا جو لودھا کمیٹی کی سفارشات کی سمت میں ہوں۔ لودھا کمیٹی نے بی سی سی آئی میں بنیادی ڈھانچے میں تبدیلی کے لئے اپنی سفارشات عدالت کے سامنے رکھی تھیں جن میں سے پہلے ایک ریاست ایک ووٹ کے قوانین سمیت زیادہ تر پر عدالت نے اپنی رضامندی ظاہر کی تھی۔