نئی دہلی 29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی نے آج کلیدی شرح سود میں آر بی آئی کی جانب سے تخفیف سے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لئے کہاکہ یہ ایک ہی سال میں چوتھی بار کمی ہے۔ اِس طرح پارٹی نے اپنا ایک اور بڑا وعدہ پورا کردیا ہے کہ عوام کو کم شرح سود پر قرضوں سے فائدہ اُٹھانے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ آر بی آئی کے فیصلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے بی جے پی نے کہاکہ یہ فروغ پذیر معیشت کی عکاسی ہے جو وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی کی زیرقیادت حکومت کے دوران ہوئی ہے۔ پارٹی کے سکریٹری سدھارتھ ناتھ سنگھ نے کہاکہ شرح سود میں کمی سے ای ایم آئی میں کمی ہوگی اور کئی لوگ اپنے گھر خریدنے کے اپنے خواب کو پورا کرسکیں گے۔ اِس سے جائیداد کے شعبہ میں ترقی ہوگی اور اس کے نتیجہ میں سمنٹ اور اسٹیل کی صنعتوں میں فروغ ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی نے شرح سود میں کمی کرتے ہوئے عوام سے کیا ہوا ایک اور وعدہ پورا کردیا ہے۔ مودی حکومت کی پالیسیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے اُنھوں نے کہاکہ شرحوں میں کمی اِس لئے ممکن ہوسکی کیوں کہ افراط زر گزشتہ دو ماہ میں کم ہوا ہے اور یہ کمی برقرار رہے گی۔