ایک اور بس کو حادثہ، 54 مسافرین بال بال بچ گئے

کتہ گوڑم ۔/12 ستمبر، ( سیاست نیوز) ضلع جگتیال کے کنڈہ گٹو کے پاس ہوئے خوفناک سڑک حادثہ کو ابھی 24 گھنٹے بھی نہیں گذرے تھے کہ بھدرادری کتہ گوڑم ضلع میں ایک اور آر ٹی سی بس حادثہ کا شکار ہوگئی۔ خوش قسمتی سے اس حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بھدراچلم ڈپو کی ایک بس جس میں قریب 54 مسافرین سوار تھے، کھمم سے بھدراچلم جارہی تھی کہ راستہ میں کوموگوڑم کے پاس آٹو کو اوور ٹیک کرتے ہوئے ایک ویان بس کے سامنے آگئی۔ ڈرائیور نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے بس کو سڑک سے اُتار دیا۔ بس مکان کی باؤنڈری وال سے ٹکرا کر رُک گئی۔ آگے گڑھا تھا ، بس اگر نہیں رُکتی تو بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا امکان تھا۔ اس حادثہ میں 3 مسافر زخمی ہوگئے۔ پتہ چلا ہے کہ ویان ڈرائیور شراب پیا ہوا تھا۔