کراچی ۔27نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی آف اسپنر سعید اجمل نے کہا ہے کہ 15ڈگری قانون کافی سخت ہے، آئی سی سی کو نہ صرف تمام اسپنرز بلکہ فاسٹ بولرز کو بھی بائیو میکانک ٹسٹ سے گذارنا چاہئے۔ ایکشن مکمل ٹھیک نہ ہوسکا تو کرکٹ چھوڑ دوں گا لیکن یقین ہے ورلڈکپ میں ملک کی نمائندگی کروں گا۔ آف اسپن اور تیز گیند 15ڈگری کے اندر آچکی ہے،’’دوسرا‘‘ بھی چند روز میں بہتر بنالوں گا۔انہوںنے کہا کہ روی چندرن ایشون یا دیگر اسپنرز ہی نہیں فاسٹ بولرز کا بھی بائیومیکانک ٹسٹلیا جائے تو 15ڈگری میں آنامشکل ہے۔ ثقلین مشتاق کے علاوہ دیگرمعاون عملہبھی میرے ساتھ بہت محنت کررہا ہے ۔سعید اجمل نے کہا کہ یاسر شاہ یقیناً باصلاحیت اسپنر ہے، دعا ہے وہ پاکستان کیلئے طویل عرصے تک کھیلیں۔ انہوں نے کہا کہ شائقین اور خصوصا ًمیری ماں میری کامیابی اور کرکٹ میں واپسی کیلئے دعائیں کرتی ہیں۔ سابق ٹسٹ کرکٹر ثقلین مشتاق نے کہا کہ آئندہ ہفتے سعید اجمل کا مزید ایک ٹسٹ ہونا ہے، جس میں بڑی امید ہے وہ بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کے اہل ہوجائیں گے اور ورلڈ کپ کیلئے دستیاب ہوں گے۔ پی سی بی کو آئی سی سی سے سعید اجمل کا ٹسٹ 8دسمبر تک لینے کی درخواست کرنی چاہیے۔ آئی سی سی کو چاہیئے کہ 15ڈگری کے قانون میں مناسب تبدیلی کرے۔ 99فیصد بولرز کا ٹسٹ کیا جائے تو شاید وہ بھی 15ڈگری کے اندر نہیں ہوں گے۔