ایڈیلیڈ میں 20 ہزار ہندوستانیوں کی آمد متوقع

نئی دہلی ۔ 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ایڈیلیڈ میں 15 فبروری کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے مقابلہ کیلئے ساوتھ آسٹریلین حکومت امید کررہی ہیکہ 20 ہزار ہندوستانی شائقین یہاں پہنچیں گے۔ 50 ہزار سے زائد شائقین کی گنجائش والے میدان میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلے جانے والے مقابلے کی عام نوعیت کی ٹکٹیں فروخت کے آغاز کے 12 منٹ میں ہی ختم ہوچکی ہیں۔ تاہم شائقین کیلئے ہالی ڈے اور بزنس پیاکیج کے ٹکٹیں دستیاب ہیں۔ ساوتھ آسٹریلیا کے ڈپٹی پرائم منسٹر جان ریویو نے کہا ہیکہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان یہاں کھیلے جانے والے مقابلے میں شائقین بھی دلچسپی عروج پر ہے اور عام نوعیت کی ٹکٹیں صرف 12 منٹوں میں فروخت ہوچکی ہیں لیکن تجارتی اور تعطیلات کیلئے فراہم کی جانے والی ٹکٹیں دستیاب ہیں لیکن یہ بھی تیزی کے ساتھ فروخت ہوجائیں گی۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہم نے ایڈیلیڈ میں ایک نیا اسٹیڈیم تعمیر کیا ہے اور یہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلے جانے والے دلچسپی سے بھرے مقابلہ کی میزبانی کیلئے بہترین مقام ہوگا اور ہمیں امید ہیکہ اس مقابلہ کے مشاہدہ کیلئے ہندوستان 20 ہزار شائقین یہاں پہنچیں گے۔