ایڈیلیڈ ۔29 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) آسٹریلین کرکٹ ٹیم پہلا ایشز ٹسٹ چار دنوں میں جیتنے کے بعد اب نئی منزل ایڈیلیڈ پر نظریں جمائے ہوئے ہے۔کوچ ڈیرن لیہمین کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، انہوں نے انگلش ٹیم کو انتباہ دیا کہایڈیلیڈ کی وکٹ آسٹریلیا کی تیز ترین وکٹ ہوگی جہاں مہمان ٹیم کی تواضع باونسرز سے کی جائے گی۔وکٹ کی اچھال اور رفتار کا سامنا کرنا مہمان بیٹسمینوں کیلئے ہرگز آسان نہیں ہوگا۔کوچ نے مزید کہا کہ برسبین میں مچل اسٹارک، جوش ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز نے شاندار بولنگ کی اور میں چاہوں گا کہ یہ جارحانہ تیور اسی طرح برقرار رہے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی روشنی میں ایڈیلیڈ کی وکٹ بہت تیز ثابت ہوگی، تاہم ڈے اینڈے نائٹ میں گلابی گیند غیرمعمولی انداز سے سوئنگ ہوتی ہے اس سے انگلش بولرس جیمز اینڈرسن اور اسٹورٹ براڈ فائدہ اٹھاسکتے ہیں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ وکٹ کی تیزی اور اضافی اچھال سے ہمیں فائدہ ہوگا۔ میں نے خاص طور پر برسبین میں یہ بات نوٹ کی کہ مچل اسٹارک ردھم میں آرہے ہیں اور فاسٹ وکٹ پر انگلش ٹیم کو پریشان کرنے وہ بے تاب ہیں۔ دوسرے ٹسٹ میں بائونسرز اورشارٹ پچ بولنگ ہی ہمارا ہتھیار ہوگی۔ میرا خیال ہے کہ پہلا میچ جیتنے والی ٹیم میں کسی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب کپتان اسٹیون اسمتھ نے بھی حریف ٹیم کو بری خبر سنادی اور کہا کہ ہم تیار ہیں، ایڈیلیڈ کی وکٹ پر میزبان فاسٹ بولرس اپنی بہترین کارکردگی دکھاسکتے ہیں۔