حیدرآباد 16 جولائی (سیاست نیوز) اینٹی کرپشن بیورو (ای سی بی) کے عہدیداروں نے رنگاریڈی کورٹ کے اسپیشل سیشنس کورٹ کے ایڈیشنل پبلک پراسکیوٹر کو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ پی سری رام ریڈی نے مبینہ طور پر مزید جہیز کی ہراسانی کے ایک مقدمہ جو الوال پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے، کے ایک ملزم کی ضمانت قبل از گرفتاری میں مدد کرنے کے لئے 10 ہزار روپئے کا مطالبہ کیا تھا۔ ایڈوکیٹ اندرا کمار نے ایڈیشنل پبلک پراسکیوٹر کے خلاف اے سی بی سے شکایت درج کروائی تھی جس پر آج کارروائی کرتے ہوئے پی سری رام ریڈی جو سیکنڈ اسپیشل سیشنس کورٹ رنگاریڈی ڈسٹرکٹ ایڈیشنل پبلک پراسکیوٹر ہیں کو نقد رقم حاصل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ بیورو کے عہدیداروں نے سرکاری وکیل کو گرفتار کرکے اُنھیں انسداد رشوت ستانی کے ایک خصوصی کورٹ میں پیش کرتے ہوئے اُنھیں عدالتی تحویل میں دے دیا۔