ایڈویرپا کی عدم موجودگی بی جے پی کی شکست کا سبب

بنگلور میں ناکام ارکان کے اجلاس میں پارٹی قائدین کا اظہار خیال
بیدر۔ 21 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بی جے پی کے ہیڈ آفس بنگلور میں اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے اور ناکامی کا منہ دیکھنے والے ارکان کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پارٹی کی ہار جیت کاتفصیلی محاسبہ کیا گیا ۔ بی جے پی قائدین کی اکثریت نے یہ تجویز پیش کی کہ سابق وزیراعلیٰ بی ایس ایڈویرپا کو اب دوبارہ پارٹی میں شامل کرنے کی کوشش کی جائے ورنہ آنے والے پارلیمانی انتخابی نتائج بھی اسمبلی انتخابات کی طرح نقصان دہ ثابت ہوں گے ۔ چنتن منتھن بیٹھک کے دوران یہ رائے سامنے آئی کہ ایڈویرپا کے بغیر پارٹی کو ریاست میں پروان چڑھانا مشکل ہے اور اگلے انتخابات میں بھی پارٹی ایڈویرپا کے بغیر ابھر نہیں پائے گی ۔ ضرورت ہے کہ ناراض ہوکر اپنی علحدہ پارٹی قائم کرنے والے ایڈویرپا کو پارٹی میں واپس لانے کی کوشش کی جائے ورنہ پارٹی ریاست میں اور کمزور ہوگی ۔ بعض ارکان کا کہنا تھا کہ اسمبلی انتخابات میں اس مرتبہ بی جے پی نے ترقیاتی کاموں سے زیادہ چند حلقوں میں ذات کا کارڈ کھیلا جس کے نتیجہ میں ایسے حلقوں میں بی جے پی امیدواروں کو نہ صرف ناکامی ہوئی بلکہ ان کی ضمانت بھی ضبط ہوگئی ۔ چند ارکان نے ایڈویرپا کی عدم موجودگی کو پارٹی کی ہار کا سبب بتایا تو چند نے کہا کہ ہم لوگ انتخابی اخراجات پورے نہیں کرسکے جن کے نتیجہ میں ہمارے امیدوار کامیاب نہیں ہوئے ۔ کچھ ارکان کا کہنا تھا کہ خود بی جے پی والوں نے چند حلقوں میں اپنے امیدواروں کے خلاف کام کیا ۔ حکومت نے تو بیشتر ترقیاتی کام انجام دیئے لیکن چند وزراء اور ارکان پر رشوت خوری کے الزامات ، ان کے جیل جانے اور چند ارکان کے سیکس اسکینڈل میں ملوث ہونے کے الزامات نے پارٹی کے امیج کو برباد کرڈالا جس کو رائے دہندوں نے برداشت نہیں کیا اور بی جے پی کے خلاف ووٹوں کا استعمال کیا ۔ کانگریس نے اپنے بل بوتے پر حکومت نہیں بنائی ہم نے جو غلطیاں کیں اس کے نتیجہ میں عوام کے سامنے متبادل راستہ نہیں ہونے سے انھوں نے کانگریس کے حق میں ووٹ دیا ہے ۔

غریب عوام کی فلاح وبہبود کیلئے حکومت کوشاں
رکن اسمبلی گجویل ٹی ۔ نرسا ریڈی کا اخباری نمائندوں سے خطاب
گجویل ۔ 21 مئی ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عوام بالخصوص دیہی غریب عوام کی فلاح و بہبودی کے علاوہ اُن کو زندگی کے ہر شعبہ حیات میں آگے لانے کیلئے کانگریس حکومت ہمیشہ ہی سے ہرممکنہ اقدامات کررہی ہے کیونکہ غربت کا خاتمہ ہونے کے علاوہ ایک باوقار( نئے ) سماج کی تعمیر ہوسکے ۔ ان خیالات کا اظہار رکن اسمبلی گجویل جناب ٹی نرسا ریڈی نے آ ج مستقر گجویل کی تحصیل آفس میں منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کرتے ہوئے چیف منسٹر ریلیف فنڈ آپاتھ باندو اسکیم کے علاوہ ( ایس این ایس ) اور اے پی این اسکیم کے تحت گجویل منڈل کو منظور شدہ رقمی 4,12,000/- کے چیکس 24ضرورت مندوں میں تقسیم کرنے کے بعد کیا۔ بعد ازاں مسٹر نرسا ریڈی نے مقامی اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس حکومت عوام کی فلاح و بہبودی کیلئے کئی اسکیمات کو روبعمل لاکر عوام میں دن بہ دن مقبولیت حاصل کررہی ہے ۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ 2014ء کے عام انتخابات میں ریاست کے عوام کانگریس پارٹی کو ہی اقتدار کی کرسی سونپیں گے ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ گجویل تحصیلدار سنتوش لال ، ڈپٹی تحصیلدار نوین ، کانگریسی قائدین سردار خان ، گوپال ریڈی و دیگر موجود تھے ۔