کولکتہ 3 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) کولکتہ کے ایڈن گارڈنس میں کل میزبان ٹیم کولکتہ کا فارم میں لوٹی سن رائزرس حیدرآباد کے ساتھ مقابلہ مقرر ہے اور ہوم گراونڈ پر نائیٹ رائیڈرس کو قدرے برتری حاصل ہے لیکن حیدرآباد کی ٹیم بھی بتدریج فارم میں واپس ہوئی ہے ایسے میں ایک دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے ۔ حیدرآباد کی ٹیم نے گذشتہ چار میچس میں تین میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ ان تین کامیابیوں میں بارش سے متاثرہ میچ میں کولکتہ کے خلاف بھی اس کی ایک کامیابی شامل رہی ہے ۔ حیدرآباد کی ٹیم ان کامیابیوں کے ساتھ کولکتہ کے بعد پانچویں مقام پر پہونچ گئی ہے ۔ جہاں تک کولکتہ کا سوال ہے اس کیلئے میچس کے نتائج ملے جلے رہے ہیں۔ کولکتہ کی ٹیم استقلال کی تلاش میں دکھائی دے رہی ہے اور اسے سنیل نارائن کے بولنگ ایکشن کے تنازعہ کی وجہ سے بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔ وہ چوتھے مقام پر پہونچ گئی ہیں ۔ دونوں ٹیمیں کل اپنے میچس کے بعد یہاں پہونچ گئی ہیں۔ کل کے میچ میں کولکتہ کو بنگلور کے خلاف شکست ہوئی تھی جبکہ سن رائزرس حیدرآباد نے طاقتور سمجھی جانے والی چینائی سوپر کنگس کو مسلسل دوسری شکست سے دوچار کیا تھا ۔ کل جب دونوں ٹیمیں میدان پر اترینگی کولکتہ کو قدرے سبقت کا احساس تو رہیگا کیونکہ اس نے گذشتہ پانچ مقابلوں میں حیدرآباد کو تین مرتبہ شکست دی ہے
لیکن جہاں تک فارم کا سوال ہے حیدرآبادی ٹیم آگے ہے ۔ حیدرآبادی ٹیم ڈیوڈ وارنر کی قیادت میں کولکتہ کے بولرس کو اپنی بیٹنگ کے ذریعہ نشانہ بنانے کی کوشش کریگی خاص طور پر دھیمی رفتار کے بولرس ان کا نشانہ ہوسکتے ہیں۔ حیدرآبادی ٹیم کی زیادہ تر کامیابیاں ڈیوڈ وارنر پر منحصر رہی ہیں جنہوں نے کپتان بنائے جانے کے بعد سے بہترین بیٹنگ کی ہے ۔ انہوں نے آٹھ میچس میں پانچ نصف سنچریاں اسکور کرتے ہوئے مخالف ٹیموں کو پریشان کیا ہے ۔ ایسے میں کولکتہ میں مورنی مورکل کو ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے ۔ کولکتہ کی ٹیم نے چینائی کو شکست دینے کے بعد کامیابیوں کا سلسلہ شروع کرنا چاہا تھا تاہم بارش سے متاثرہ 10 اوورس کے میچ میں بنگلور کے خلاف اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ گوتم گمبھیر کی قیادت والی ٹیم ایک بار پھر کامیابی کے راستہ پر گامزن ہونے کی کوشش کریگی تاکہ اسے پلے آف میں جگہ مل سکے ۔ یہاں سے کوئی بھی شکست اس کے امکانات پر اثر انداز ہوسکتی ہے ۔حیدرآباد کیلئے اس کے اسپین بولرس تشویش کا باعث بن سکتے ہیں۔ دیکھنا یہ ہے کہ آیا پرویز رسول کو کل کے میچ میں موقع دیا جاسکتا ہے یا نہیں جنہوں نے جاریہ سیزن میں صرف ایک میچ کھیلا ہے ۔ کرن شرما حیدرآباد کی ٹیم کے اصل اسپنر ہیں۔