کولکتہ 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) کولکتہ نائیٹ رائیڈر جس کے اعزاز میں 2012 میں کولکتہ کے تاریخی میدان ایڈن گارڈنس میں ایک شاندار تہنیتی تقریب پیش کی گئی تھی اب کل دوبارہ ان یادوں کو تازہ کرنے کا مغربی بنگال کی حکومت اور کرکٹ اسو سی ایشن آف بنگال کی جانب سے فیصلہ کرلیا گیا ہے اس طرح کل انڈین پریمیر لیگ کے 7 ویں ایڈشن کی فاتح ٹیم کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کیلئے تہنیتی تقریب منعقد کی جائے گی۔کل صبح منعقد ہونیو الی اس تقریب کیلئے تمام سڑکیں ایڈن گارڈنس پر ختم ہوں گی۔ کرکٹ اسو سی ایشن آف بنگال (کیاب)کے جوائنٹ سکریٹری سبیر گنگولی نے کہا کہ کھلاڑیوں کیلئے منعقد کی جانے والی اس تہنیتی تقریب میں کرکٹ شائقین کیلئے داخلہ مفت رہے گا ۔گنگولی جو کہ فی الحال کے کے آر ٹیم کے ساتھ بنگلور میںہیں ،انہوں نے خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایڈن گارڈنس کے دروازے صبح 11.30 بجے تا دوپہر 3.30 بجے تک سب کیلئے کھلے رہیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیاب کے سربراہ جگموہن ڈالمیا کی چیف منسٹر ممتابنرجی سے اسٹیٹ سکریٹریٹ میں ملاقات متوقع ہے جس کے بعد پروگرام کو قطعیت دی جائے گی۔عہدیداروں کے بموجب کے کے آر کے کھلاڑیوں کے ساتھ ٹرافی کی شام 7 بجے رونمائی بھی کی جائے گی ۔ واضح رہے کہ گذشتہ مرتبہ جب آئی پی ایل کے پانچویں سیزن میں کے کے آر نے خطاب حاصل کیا تھا تب منعقدہ تہنیتی تقریب میں ممتا بنرجی نے فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں کو گول میڈل اور سونے کی چینس دی تھیں
جس پر شدید تنقید کی گئی تھی، اور اس مرتبہ یہ توجہ کا مرکز ہوگا کہ مغربی بنگال کی چیف منسٹر اس طرح کھلاڑیوں کو تہنیت پیش کریں گی۔ قبل ازیں مغربی بنگال کی چیف منسٹر کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے کھلاڑیوں اور ٹیم کے مشترکہ مالک شاہ رخ خاں کو دوسری مرتبہ چیمپئن بننے پر مبارکباد دی تھی۔ ممتا بنرجی نے فیس بُک کے اپنے صفحہ پر مبارکبادی کے پیغام میں کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے کھلاڑیوں اور شاہ رخ خان کو مبارکباد دی ۔ علاوہ ازیں کے کے آر کے ہزاروں شائقین گذشتہ رات بنگلور میں اپنی ٹیم کی کامیابی کے ساتھ ہی جشن منانے کے علاوہ ٹیم کے سرکاری نغمے ’’کربو ، لوربو ،جیت بورے! بھی پر جوش انداز میں گا رہے تھے۔ قبل ازیں بالی ووڈ بادشاہ شاہ رخ خان نے بھی کولکتہ کے کرکٹ شائقین سے کہا ہے کہ وہ ٹیم کے ایک شاندار جشن میں شرکت کریں۔ شاہ رخ خان اپنے بیان میںکہا ہے کہ
ہم نے جس کا وعدہ کیا تھا اس کامیابی کے ذریعہ واپس ہورہے ہیں اور یہ وقت ہے کہ ہم کولکتہ کی سڑکوں پر جشن منائے۔ انہوں نے چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی کو اپنے بیان میں ممتا دی سے مخاطب کرتے ہوئے اپنی خوشی کا اظہار کیا ہے۔ کنگس الیون پنجاب کو فائنل میں شکست دینے کے بعد کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے کھلاڑی ٹیم ہوٹل میں صبح کی اولین ساعتوں تک جشن مناتے رہے جس میں شاہ رخ خان سرفہرست رہے ۔ شاہ رخ خان نے اپنے بیان میں ٹیم کے فزیو اینڈریو لیپس اور ٹرینر اڈریان لیوروکس سے بھی اظہار تشکر کیا ہے جنہوں نے ٹیم کی فتوحات میں اپنا رول ادا کیا ہے ۔ گذشتہ رات انہوں نے اپنی ٹیم کی کامیابی کو اپنے بیٹے ابرام کے معنون کیا ہے جو کہ ان کے خاندان میں نیا مہمان ہے ۔ شاہ رخ خان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ابرام کے نام معنون کیا ہے۔