ایچ ڈی کمار سوامی جنتا دل (ایس) کے متوقع صدر

بیدر۔ 30 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جنتا دل (ایس) کے ریاستی صدر مسٹر اے کرشنیا کا اچانک انتقال ہوا ہے جس کے سبب ریاستی صدر عہدے پر سابقہ چیف منسٹر ایچ ڈی کمار سوامی کو نامزد کئے جانے کا امکان ہے۔ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں کمارا سوامی کو لیڈر اپوزیشن کا عہدہ حاصل ہوا تھا جس کی وجہ سے کمارا سوامی نے صدر عہدے سے استعفیٰ دیا لیکن اب وہ لیڈر اپوزیشن نہیں ہیں جس کے سبب انہیں دوبارہ پارٹی کا ریاستی صدر نامزد کیا جارہا ہے۔ سابق وزیراعظم مسٹر ایچ ڈی دیوے گوڑا نے فیصلہ کیا ہے کہ کمارا سوامی کو ہی ریاستی صدر بنایا جائے کیونکہ پارٹی کے ارکان اسمبلی اور لیڈرس مسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی کو ہی صدر نامزد کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔