لکھنو 25 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سماجوادی پارٹی سربراہ اکھیلیش یادو نے آج کہا کہ ایودھیا میں وی ایچ پی ‘ ار ایس ایس اور بی جے پی کے علاوہ دوسری تنظیموں کی جانب سے جو ڈرامہ کیا جا رہا ہے وہ در اصل رام مندر کی تعمیر کیلئے نہیں ہے بلکہ بی جے پی کی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برسر اقتدار اتحاد کالا دھن پر قابو پانے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں ناکام ہوگیا ہے اسی لئے یہ سب کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک اور ریاست ( اترپردیش ) کے عوام سے اظہار تشکر کرنا چاہتے ہیں کہ انہوں نے وی ایچ پی ‘ آر ایس ایس اور بی جے پی کے شو میں حصہ نہیں لیا ہے اور نہ اسے سنجیدگی سے دیکھا جا رہا ہے ۔ یہ صرف بی جے پی کی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے مقصد سے کی جا رہی کوشش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کالے دھن ‘ بیروزگاری ‘ کسانوں کے مسائل اور خواتین کے مسائل پر پوری طرح سے ناکام ہوگئی ہے ۔ اسی مقصد سے فرقہ وارانہ کشیدگی کو ہوا دی جا رہی ہے تاکہ عوام کی توجہ ان مسائل سے ہٹ جائے ۔