سنگاپور۔ 21؍اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ عالمی نمبر ایک سرینا ولیمس نے ڈبلیو ٹی اے فائنلس میں اپنی فتوحات کے سلسلہ کو 16 مقابلوں تک پہنچادیا ہے، جیسا کہ انھوں نے سیزن کے آخر میں کھیلے جانے والے ٹورنمنٹ کے پہلے مرحلہ کے مقابلہ میں سابق عالمی نمبر ایک سربیائی ٹینس اسٹار اینا ایوانووچ کو راست سیٹوں میں 6-4، 6-4 سے شکست دی۔ عالمی نمبر ایک سرینا ولیمس اس ٹورنمنٹ میں زخموں سے صحت یابی کے بعد شرکت کررہی ہے، جیسا کہ زخموں کی وجہ سے وہ گزشتہ دو ٹورنمنٹس میں شرکت نہیں کرپائی۔ ڈبلیو ٹی اے فائنلس سے قبل چائنا اوپن میں وہ گھٹنے کے زخم کی وجہ سے مقابلہ کے دوران دستبردار ہوئی تھی۔ ریڈ گروپ کے ابتدائی مقابلہ میں سیمونا ہالیپ نے ایجین بوچارڈ کو بہ آسانی 6-2، 6-3 سے شکست دی جیسا کہ سرفہرست 8 کھلاڑیوں کے درمیان کھیلے جانے والے اس ٹورنمنٹ میں مذکورہ دونوں کھلاڑی پہلی مرتبہ شرکت کررہی ہیں۔