این ڈی اے 2019ء انتخابات کے بعد بھی اقتدار پر برقرار رہے گی

اپوزیشن کا نام نہاد اتحاد ہرگز قائم نہیں ہوگا ، مرکزی وزیر اٹھاولے کا بیان

ممبئی۔ 24 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا انتخابات 2019ء کے بعد مرکز میں حکومت کی تبدیلی سے متعلق این سی پی صدر شرد پوار کی پیشن گوئی کے ایک دن بعد مرکزی وزیر رام ولاس اٹھاولے نے شرد پوار کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ این ڈی اے حکومت برقرار رہے گی اور وزیراعظم کی حیثیت سے نریندر مودی ہی اقتدار پر دوبارہ فائز ہوں گے۔ اٹھاولے نے ایک بیان میں کہا کہ میرا قوی ایقان ہے کہ موجودہ حکومت ہی 2019ء کے عام انتخابات کے بعد بھی برقرار رہے گی۔ اپوزیشن کا نام نہاد اتحاد ہرگز قائم نہیں ہوگا۔ اس اتحاد کے بارے میں ہنوز گمراہ کن بیانات ہی آرہے ہیں۔ این سی پی صدر شرد پوار نے کل دعویٰ کیا تھا کہ نریندر مودی آئندہ لوک سبھا انتخابات کے بعد وزیراعظم نہیں ہوں گے اور مرکز کی حکومت میں تبدیلی آئے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ مہاراشٹرا میں بھی حکومت تبدیل ہوگی۔ کسی بھی واحد پارٹی کی اکثریت حاصل نہیں ہوگی۔ اس کے متبادل میں اتحاد ہی بنایا جائے گا۔ کیرلا میں سبری مالا مندر کے تعلق سے پیدا ہونے والے تنازعہ پر اٹھاولے نے حیرت کا اظہار کیا کہ آخر مندر کے اندر خواتین کو جانے کی اجازت کیوں نہیں دی جارہی ہے۔ سپریم کورٹ کی ہدایت کے باوجود خواتین کو روکا جارہا ہے۔ خدا کے سامنے خواتین کو بھی یکساں درجہ سے متعلق عدالت نے فیصلہ سنایا ہے لیکن روایت کے نام پر خواتین کے داخلے پر پابندی عائد کی جارہی ہے۔ مرکزی وزیر نے الزام عائد کیا کہ سابق کانگریس زیرقیادت حکومت ہی اندومل اراضی کے الاٹمنٹ میں تاخیر کیلئے ذمہ دار ہے۔ اب اراضی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر یادگار قائم کرنے کیلئے دی جانے والی ہے۔ کانگریس حکومت نے اراضی کی حوالگی کے عمل میں تاخیر سے کام لیا تھا۔ اب نریندر مودی حکومت نے یہ اراضی میموریل کے حوالے کردیا ہے۔