این ڈی اے کو 300 نشستیں ضروری

کانگریس اور تیسرا محاذ ملک کیلئے غیر مستحکم، مودی کا بیان
بریلی ۔ یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس اور تیسرے محاذ پر عدم استحکام پھیلانے کا الزام عائد کرتے ہوئے نریندر مودی نے آج عوام سے اپیل کی کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں این ڈی اے کو کم از کم 300 نشستوں پر کامیاب کریں تاکہ بی جے پی مرکز میں ایک مضبوط حکومت بناسکے۔ بی جے پی وزارت عظمی کے امیدوار نے کانگریس پر نکتہ چینی کی جس نے مرکز میں بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے ایک سیکولر محاذ حکومت کی حمایت کے امکان کا اشارہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی طاقتیں ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی کو حلیف پارٹیاں نہیں ملیں گی۔ کئی پارٹیاں اس کا ساتھ چھوڑ دیں گی اور مودی صرف گجرات تک ہی محدود رہے گا لیکن آپ دیکھ رہے ہیں کہ بی جے پی کو کئی حلیف پارٹیاں مل چکی ہیں اور مودی نے گجرات سے باہر قدم رکھ دیا ہے، اب مجھے مرکز تک پہنچنے کی راہ میں کوئی طاقت حائل نہیں ہوسکتی۔ یہاں ایک ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ ایک مستحکم این ڈی اے حکومت ہی عوام کے خوابوں کو پورا کرسکتی ہے۔