نئی دہلی 4 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے کو لوک سبھا انتخابات میں 234 تا 246 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔ سی این این ۔ آئی بی این اور سی ایس ڈی ایس کی جانب سے کروائے گئے سروے کے مطابق این ڈی اے سب سے بڑا گروپ بن کر اُبھرے گا۔
سروے کے مطابق یو پی اے کی تعداد گھٹے گی اور اِس کے حق میں صرف 111 یا 123 نشستیں آئیں گی۔ 2009 ء انتخابات میں بی جے پی کو 116 پر کامیابی ملی تھی۔ اِس نے اب اپنی اکثریت کو بڑھانے اور 206 تا 218 نشستیں حاصل کرنے کے لئے انتخابی مہم کا پرزور آغاز کیا ہے۔ سابق کے مقابلہ کانگریس کے حلقوں کی تعداد 206 سے گھٹ کر 94 یا 106 ہوجائے گی۔ سروے میں دعویٰ کیا گیا کہ وزیراعظم کے عہدہ کے لئے عوام کی اولین پسند نریندر مودی ہیں۔ 44 فیصد رائے دہندوں نے انھیں وزیراعظم کے طور پر منتخب ہونے کو پسند کیا ہے۔ اِن کے بعد نائب صدر کانگریس راہول گاندھی ہیں جنھیں 24 فیصد عوام کی تائید حاصل ہے۔