این ڈی اے دورحکومت میں اقلیتوں میں عدم تحفظ کا احساس

دادری واقعہ کے بعد اشتعال انگیز بیانوں سے خوفزدہ کیا جارہا ہے: غلام نبی آزاد

پٹنہ ۔ 5 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سینئر کانگریس قائد غلام نبی آزاد نے آج بی جے پی قائدین پر ’’خوف پیدا کرنے‘‘ کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ دادری واقعہ کے بعد اشتعال انگیز بیانات دیتے ہوئے اقلیتوں کو خوفزدہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے واضح طور پر وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے تبصرہ ان کی تائید کے بغیر ممکن نہیں تھے۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ بی جے پی اقلیتوں کے لئے خوف کا ماحول پیدا کرنے کی ذمہ دار ہے۔ وہ کئی بی جے پی اور آر ایس ایس قائدین کے بیانات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ قائد اپوزیشن راجیہ سبھا غلام نبی آزاد نے مرکزی وزیر برائے ثقافت مہیش شرما کا حوالہ دیا کہ محمد اخلاق کے خاندان اور مہلوکین کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے برسراقتدار لوگوں کی سڑی ہوئی ذہنیت ظاہر ہوتی ہے۔ خاص طور پر وزیر ثقافت جن کا کام ملک کی ثقافت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا تحفظ ہے۔ انہیں ایسا بیان دینے کے بجائے یہ کہنا چاہئے تھا کہ جو لوگ ہلاک کئے گئے ہیں، ان کو سزاء دی جائے گی لیکن انہوں نے کہا کہ ملزموں کے ساتھ بھی انصاف کیا جائے گا۔ گذشتہ جمعہ کو شرما نے کہا تھا کہ ہر ایک کے ساتھ ان نوجوانوں اور ارکان خاندان کے ساتھ بھی جو گرفتار کئے گئے ہیں، انصاف کیا جائے گا۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ وہ بی جے پی قیادت کو ایسا خوف کا ماحول پیدا کرنے کا زیادہ ذمہ دار سمجھتے ہیں بہ نسبت ان افراد کے جنہوں نے محمد اخلاق کا قتل کیا۔ کانگریس قائد نے کہا کہ اقلیتیں این ڈی اے دورحکومت میں خوف کے سایہ تلے زندگی گذار رہی ہیں۔ سینئر قائدین، عہدیدار، ارکان پارلیمنٹ اور بی جے پی کے وزراء وقفہ وقفہ سے بیانات دیتے رہتے ہیں جن میں ایک مذہب کو دوسرے مذہب کے خلاف کھڑا کیا جاتا ہے۔ کوئی بھی ایسے بیانات پر کارروائی نہیں کرتا جس سے ظاہر ہوتا ہیکہ ایسے بیانات دینے والوں کو بی جے پی کی قیادت تائید فراہم کررہی ہے۔ صدر بہار پردیش کانگریس اشوک چودھری کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے غلام نبی آزاد نے کہا کہ یہ آر ایس ایس ہے جو مرکز اور بی جے پی زیراقتدار ریاستوں میں حکومت چلا رہی ہے، وزرائے اعلیٰ، وزراء، سرکاری ملازمین ہر ایک آر ایس ایس کے احکام کی تعمیل کررہا ہے۔ لالو پرساد کے بڑے گوشت کے بارے میں بیان پر تبصرہ کی خواہش پر غلام نبی آزاد نے کہا کہ لالو پرساد پہلے ہی واضح کرچکے ہیںکہ بڑے گوشت کا مطلب صرف گائے گوشت نہیں ہے۔ اس سوال پر کہ سونیا گاندھی اور راہول گاندھی لالو پرساد کے ساتھ انتخابی جلسوں میں ایک شہ نشین پر کیوں نظر نہیں آرہے ہیں۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ ان قائدین کو ایک دوسرے کے پروگراموں میں شرکت کا وقت دستیاب نہیں ہے۔ کانگریس نے جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے ساتھ اتحاد کیا تھا لیکن انتخابات کے دوران دونوں کے مشترکہ اجلاس کبھی بھی منعقد نہیں کئے گئے۔