این ڈی اے حکومت تمام شعبوں میں ناکام

گاندھی خاندان کی کردار کشی کی مذمت، صدر تلنگانہ پی سی سی اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ 30 اپریل (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے آگسٹا ہیلی کاپٹر معاملہ گاندھی خاندان کی کردار کشی کرنے کا الزام عائد کیا۔ یو پی اے حکومت نے اس کنٹراکٹ کو منسوخ کرتے ہوئے سی بی آئی تحقیقات کرائی تھی۔ ’’میک ان انڈیا اور ڈیجٹلائزیشن انڈیا‘‘ کو فلاپ شو قرار دیا۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اٹلی نژاد آگسٹا ویسٹ لینڈ کمپنی سے اہم شخصیات کیلئے ہیلی کاپٹرس خریدنے کے معاملت میں یو پی اے حکومت بے قاعدگیاں کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ حکمران بی جے پی کی دو سالہ کارکردگی مایوس کن ہے۔ تمام شعبوں میں این ڈی اے حکومت پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ اپنی ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے آگسٹا کے معاملت کو منظرعام پر لایا گیا ہے۔ یو پی اے حکومت نے اہم شخصیات کیلئے اونچی اڑان اڑنے والے 12 ہیلی کاپٹرس خریدنے کیلئے 3500 کروڑ کا معاہدہ کیا تھا۔ تاہم پہلے مرحلہ میں 3 ہیلی کاپٹرس ہی خریدے گئے اس کے معیار پر شکوک ظاہر ہونے پر معاہدے کو منسوخ کرتے ہوئے اس کی تحقیقات کرنے کی سی بی آئی کو ہدایت دی تھی۔ گذشتہ 2 سال سے اس کا جائزہ لینے میں ناکام رہنے والی مرکزی حکومت اپنے خلاف عوام میں بڑھتی ہوئی ناراضگی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہیلی کاپٹرس خریدی معاملت کو اٹھایا جارہا ہے۔ ملک کیلئے قربانیاں دینے والے گاندھی خاندان کے خلاف جھوٹے بے بنیاد من گھڑت الزامات عائد کرتے ہوئے ایک منظم سازش کے تحت ان کے پاک و صاف کردار کو مسخ کیا جارہا ہے۔ ملک کی آزادی اور آزاد ملک کی ترقی کیلئے گاندھی خاندان کی خدمات ناقابل فراموش ہے۔ بی جے پی کی جانب سے جھوٹے الزامات عائد کرتے ہوئے صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی کو بدنام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ بی جے پی زیراقتدار ریاستیں راجستھان اور چھتیس گڑھ کیلئے بھی آگسٹا ویسٹ لینڈ کمپنی کی جانب سے ہیلی کاپٹرس خریدے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ این ڈی اے حکومت کی دو سالہ کارکردگی مایوس کن ہے۔ ڈیجٹل انڈیا اور میک ان انڈیا مکمل فلاپ شو ہے۔ عوام کا سامنا کرنے میں ناکام ہونے والی بی جے پی نے ہیلی کاپٹرس خریدی معاملت سے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہی ہے جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔