این ڈی اے بھی ریزرویشن پالیسی پر عمل پیرا رہے گی :وینکیا نائیڈو

کوئمبتور۔/22اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) ریزرویشن پالیسی پر وزیر مالیات پی چدمبرم کے ساتھ تنازعہ کا حصہ بنتے ہوئے بی جے پی کے سینئر لیڈر وینکیا نائیڈو نے کہا کہ پارٹی کی قیادت والی این ڈی اے ریزرویشن کی اپنی پالیسی پر وعدہ کی پابند ہے اور وزیر مالیات خواہ مخواہ عوام کے درمیان بے اطمینانی پیدا کررہے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چدمبرم مودی کی مقبولیت سے بوکھلائے ہوئے ہیں لہذا عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے وہ ایسے بیانات دے رہے ہیں تاکہ خود کی کمزوریوں کو بھی چھپا سکیں۔انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ این ڈی اے ریزرویشن کی پالیسی پر وعدہ کی پابند ہے

البتہ این ڈی اے اتحاد کسی مخصوص خاندان میں ریزرویشن کی مخالفت کرے گا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ چدمبرم نے ایک انتخابی جلسہ میں ادعاء کیا تھا کہ بی جے پی کو اگر اقتدار ملا تو وہ ریزرویشن پالیسی کو آہستہ آہستہ دفن کردے گی۔ یہ پوچھے جانے پر کہ حکومت سازی کیلئے تیسرے محاذ کی تشکیل کے لئے شرد پوار نے بھی اپنے دروازے کھلے رکھے ہیں؟ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ہر لیڈر کانگریس کو دھوکہ دے رہا ہے۔ یو پی اے اب این پی اے ( نان پرفارمنگ الائنس ) بن گئی ہے جسے ہر کوئی چھوڑنے تیار ہے جبکہ تیسرا محاذ بھی آزمایا جاچکا ہے اور ناکام ہوچکا ہے۔ مسلمانوں کیلئے جائیداد یا مکانات کی خریدی پر پروین توگاڑیہ کی منافرت انگیز تقریر کے بارے میں پوچھے جانے پر نائیڈو نے کہا کہ انہوں نے حالانکہ تقریر کا ٹیپ نہیں سنا ہے لیکن اگر کوئی دلآزاری کی بات کہی گئی ہے تو قانون اپنا کام کرے گا۔