بودھن /28 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نظا دکن شوگرس فیاکٹری شکرنگر کے ملازمین کی کثیر تعداد نے رکن اسمبلی بودھن جناب شکیل عامر سے ملاقات کرتے ہوئے ملازمین نے اپنے مسائل سے جناب شکیل کو واقف کرواتے ہوئے بتایاکہ گذشتہ 12 سال سے NDSL خانگی انتظامیہ ملازمین کا استحصال کرتے چلی آرہی ہے ۔ انتظامیہ نے تنخواہوں میں کمی اور سالانہ انکریمنٹس اور نئے ویج بورڈ کے مطابق تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر کرتے ہوئے فیاکٹری ملازمین کا مسلسل استحصال کر رہی ہے ۔ ملازمین نے کہا ان کے مسائل کا مکمل سدباب NDSL کو پھر سے حکومت کے زیر انتظام لینے پر ہی ممکن ہوگا ۔ ملازمین نے اپنی جانب سے نومنتخبہ رکن اسمبلی بودھن جناب شکیل کو پیش کئے گئے میمورنڈم میں گذارش کرتے ہوئے بتایا ٹی آر ایس پارٹی نے اپنے انتخابی وعدے میں سابقہ نظام شوگر فیاکٹری کو حکومت کے زیر انتظام لینے کا تیقن دیا تھا ۔ جناب شکیل نے ملازمین کے مسائل کی بطور سماعت کے بعد انہیں بتایا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی اپنے ہر ایک وعدے کی تکمیل کیلئے پابند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت اپنی عہدہ سنبھالتے ہی تمام تیقنات اور وعدوں کی عمل آوری کیلئے پیش قدمی کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی بودھن کے عوامی مسائل سے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو واقف کروائیں گے اور ان کی یکسوئی کیلئے انتظامیہ کی توجہ مبذول کروائیں گے ۔ جناب شکیل سے ملاقات کرنے آئے ہوئے ملازمین کے وفد کی قیادت مزدور قائدین مسٹر ناگیشور راؤ اور کمار سوامی نے کیا ۔ NDSL انتظامیہ کا ایک علحدہ وفد جناب رضوی پرسنل آفیسر کی قیادت میں رکن اسمبلی بودھن مسٹر شکیل سے خیر سگالی ملاقات کیا اور ان کی گلپوشی و شال پوشی کی ، علاوہ ازیں بودھن کے خانگی جونئیر ڈگری کالجس کے انتظامیہ کی جانب سے کالجس کے پرنسپلس و دیگر عہدیداروں نے بھی جناب شکیل سے I.B گیسٹ ہاوز بودھن میں ملاقات کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی ۔ اس موقع پر سابقہ صدرنشین بلدیہ بودھنج جناب محمد غوث الدین ، جی گنگاریڈی سابقہ ایم پی پی ، موظف ڈی ای او ورنی منڈل جناب محمد اعظم ، ریاستی نائب صدر عبدالرزاق ، شیخ محمود ، شیخ شاکر حسین ، کونسلر بھرت یادو و دیگر ٹی آرایس پارٹی کے قائدین موجود تھے ۔