این سی پی کے ساتھ نشستوں کی تقسیم پر بات چیت جاری : چاوان

صورتحال جلد واضح ہوجائیگی : چیف منسٹر مہاراشٹرا ۔ اتفاق رائے پر تنہا مقابلہ ممکن : صدر پردیش کانگریس
ممبئی 2 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر مہاراشٹرا مسٹر پرتھوی راج چاوان نے کہا کہ این سی پی کے ساتھ نشستوں کی تقسیم پر مناسب سطح پر بات چیت جاری ہے ۔ تاہم انہوں نے اس تعلق سے کسی قطعی فیصلے کیلئے کسی وقت کا تعین کرنے سے انکار کردیا ۔ یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر چاوان نے کہا کہ این سی پی کے ساتھ مناسب سطح پر بات چیت جاری ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے تردید کی کہ کانگریس ۔ این سی پی مفاہمت کا انحصار شیوسینا ۔ بی جے پی نشستوں کی تقسیم سے متعلق بات چیت کے نتیجہ پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں جو کچھ ہور ہا ہے اس سے ہمیں کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس میں امیدواروں کے انتخاب کا عمل جاری ہے

اور امیدواروں کے انتخاب و جانچ پڑتال کا کام 92 حلقوں میں ہوچکا ہے جہاں سے کانگریس پارٹی مقابلہ کرنے والی ہے ۔ ان نشستوں سے کانگریس نے پہلے بھی مقابلہ کیا تھا ۔ مسٹر چاوان نے کہا کہ کانگریس پارٹی کیلئے انتخابات میں نعرہ اس کی 15 سال کی حکمرانی کے دوران کیا گیا ترقیاتی کام ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی مہاراشٹرا انتخابات میں موضوع بحث نہیں ہونگے کیونکہ وہ یہاں وزارت اعلی امیدوار نہیں ہونگے ۔ ایک سوال کے جواب میں کہ آیا کانگریس کو انتخابات میں اپنی حلیف این سی پی سے مقابلہ درپیش ہوگا یا شیوسینا ۔ بی جے پی سے اسے مقابلہ کرنا ہے مسٹر چاوان نے کہا کہ دونوں ہی طرف اتحاد کے تعلق سے بات چیت ابتدائی مراحل میں ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس تعلق سے صورتحال بہت جلد واضح ہوجائیگی ۔ مہاراشٹرا پردیش کانگریس کے صدر مانک راؤ ٹھاکرے نے جو پریس کانفرنس میں موجود تھے کہا کہ کانگریس کا گذشتہ پندرہ سال سے این سی پی کے ساتھ اتحاد رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اب اتحاد کو عملی شکل نہیں دی جاسکی تو ہم سب کے ساتھ مقابلہ کرنے کو تیار ہیں۔