این سی پی ڈوبتا ہوا جہاز: ادھو ٹھاکرے

لالچی شیوسینکوں کو ریالی کے دوران زبردست انتباہ
تھانے ۔ 24 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے نے این سی پی کو دھوکہ بازروں کی پارٹی سے تعبیر کرتے ہوئے لالچی شیوسینکوں کو انتباہ دیا کہ وہ شرد پوار کی قیادت والی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کی جرات نہ کریں کیونکہ ایسا کرنا ان کیلئے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے ۔ این سی پی ایک ڈوبتا ہوا جہاز ہے ۔ ڈومبیولی میں ایس ایس ، بی جے پی ، آر پی آئی ، ایس ڈبلیو پی کی میگا ریالی کے دوران انہوں نے کانگریس اور ا ین سی پی کو زبردست تنقید کا نشانہ بنایا اور ووٹرس سے اپیل کی کہ وہ کسی ایسے اتحاد کی تائید کریں جو حکومت کرنے کے قابل ہو اور جو ان کے مسائل کی یکسوئی کرسکے۔ گزشتہ شب ریالی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آنجہانی بالا صاحب ٹھاکرے ہمیشہ محنتی اور فعال شیوسینکوں کا انتخاب کرتے تھے اور انہیں اہم عدوں پر فائز کیا کرتے تھے لیکن لالچ بری بلا ہے جس کی وجہ سے شیوسینکوں نے پارٹی کے ساتھ دغا کی اور اسے چھوڑدیا۔ ایسے کئی شیوسینک ہیں جنہوں نے پا رٹی کی پیٹھ میں خنجر گھونپ دیا ۔

ایسے ہی لیڈروں میں سے آنند پرانچپے بھی ایک ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے انہیں سبق سکھایا جائے ۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این سی پی اگر سینا ورکرس کو اپنی جانب راغب کر رہی ہے تو اس سے شیوسینا کی طاقت کمزور ہونے والی نہیں ہے ۔ ہماری طاقت کا اندازہ آنے والے انتخابات کے نتائج سے ہوجائے گا جو لوگ این سی پی میں شامل ہورہے ہیں، وہ نہیں جانتے کہ وہ ایک ڈوبتے ہوئے جہاز میں داخل ہورہے ہیں۔