این سی پی فطری طور پر بدعنوان پارٹی: مودی

پنڈھرپور (مہاراشٹرا)۔ 12؍اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ این سی پی پر شدید تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ اگر شرد پوار زیر قیادت پارٹی کو دوبارہ اقتدار کے لئے ووٹ دیا گیا تو وہ اپنی بدعنوانیوں کو پہلے سے زیادہ بڑے پیمانے پر شروع کرے گی۔ اس کے دور میں رشوت کا راج ہوگا۔ وزیراعظم نے یہاں انتخابی مہم چلاتے ہوئے کہا کہ این سی پی فطری طور پر بدعنوان پارٹی ہے۔ جب سے پارٹی کا قیام عمل میں آیا ہے، اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ اس پارٹی کے قائدین بدعنوانیوں میں ملکہ رکھتے ہیں۔ آپ جانتے ہیں کہ ان کی گھڑی (پارٹی کا انتخابی نشان) کا مطلب کیا ہے؟ گھڑی میں 10 منٹس دکھائے جارہے ہیں، یعنی 10 منٹ کا فیصلہ 10 سال تک وہ رشوت کا بازار گرم کریں گے اور اس میں 10 گنا اضافہ ہوگا۔ پنڈھرپور میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ اگر این سی پی کو دوبارہ اقتدار دیا گیا تو وہ لوگ اب اپنی بدعنوانیوں کو 15 گنا اضافہ کردیں گے۔ نریندر مودی نے اپنی تقریر میں کانگریس کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ مرکز میں ملک کی سرگرمیوں کو باریک نگاہی سے انجام دے رہے ہیں

اور وہ کسی بھی پنجہ کو سرکاری خزانہ کو ہاتھ لگانے نہیں دیں گے۔ سال 2014ء کانگریس اور این سی پی کے دور کے خاتمہ کا سال ہوگا۔ کانگریس اور این سی پی نے مل کر اپنے دور حکومت میں ریاست مہاراشٹرا کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ وزیراعظم نے ضلع شولاپور کے اس ٹاؤن میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام ہی ان دونوں پارٹیوں کا صفایا کردیں گے۔ دونوں پارٹیوں نے ریاست کے سرکاری خزانہ کو خالی کردیا ہے۔ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ بی جے پی کو اقتدار ملنے پر عوام الناس کے خوابوں کو پورا کیا جائے گا۔ کل انتخابی مہم کا آخری دن ہے اور کانگریس و این سی پی کے لئے یہ آخری دن ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ این سی پی کے دور حکومت میں ریاست میں کئی کسانوں نے خودکشیاں کی ہیں۔ حکمران پارٹی نے ان کی کوئی مدد نہیں کی۔