این سی پی سے مابعد انتخابات اتحاد خارج از امکان، بی جے پی

ممبئی ۔ 26 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا کے ساتھ اپنی 25 سالہ دوستی کو ختم کرنے کے ایک دن بعد بی جے پی نے آج شردپوار زیرقیادت این سی پی کے ساتھ مابعد انتخابات اتحاد کے امکان کو مسترد کردیا۔ مہاراشٹرا اسمبلی کے انتخابات 15 اکٹوبر کو مقرر ہیں۔ مہاراشٹرا میں پارٹی کے انچارج راجیو پرتاپ رودی نے بتایا کہ این سی پی سے اتحاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ہم کو مستقبل میں اتحاد کی فکر کیوں کرنی چاہئے۔ میں آپ کو یہ بتادوں کہ پارٹی تنہا طور پر مقابلہ کرکے حکومت بنائے گی۔ انتخابات کے بعد این سی پی اور کانگریس کو گھر کا راستہ دکھایا جائے گا۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آیا نریندر مودی مہاراشٹرا میں انتخابی مہم میں اہم رول ادا کریں گے۔ رودی نے کہا کہ نریندر مودی اس مہم میں ہمارے ساتھ 3 اکٹوبر کے بعد شریک ہوں گے۔