این سی پی رکن اسمبلی کے 120 کروڑ کے اثاثہ جات قرق

300 کروڑ روپئے کے اسکام کیس میں انفورسنمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی کارروائی
نئی دہلی 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) این سی پی کے بزرگ لیڈر چھگن بھوجبل اور ان کے خاندان کے خلاف کارروائی کے بعد مہاراشٹرا میں پارٹی کے ایک اور رکن اسمبلی بھی انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی کارروائی کا سامنا کررہے ہیں۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے ریاستی حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے کارپوریشن میں 300 کروڑ سے زائد کے مبینہ اسکام کے سلسلہ میں کیس کی تحقیقات کی ہے۔ اس سلسلہ میں این سی پی کے موجودہ رکن اسمبلی رمیش کدم کے 120 کروڑ روپئے کے اثاثہ جات کو قرق کرلیا گیا۔ رمیش کدم نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رکن اسمبلی ہیں۔ وہ شولاپور میں موہال سے نمائندگی کرتے ہیں۔ وہ اگسٹ 2012 ء اور ڈسمبر 2014 ء کے درمیان ریاستی ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدر رہ چکے ہیں۔ اس مدت کے دوران انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے الزام عائد کیاکہ مبینہ طور پر دھاندلیاں کی گئی تھیں اور سازش کے ذریعہ زائداز 300 کروڑ روپئے کا غبن کیا گیا تھا۔ کارپوریشن کو دھوکہ دے کر اس کے مالیہ کو ہڑپ لیا گیا تھا۔ مرکزی تحقیقاتی ایجنسی نے اس ایم ایل اے کی جائیدادوں کو قرق کرلینے کی نوٹس جاری کی ہے۔