این سی پی ایم ایل سی کی بی جے پی میں شمولیت

ممبئی۔ 25 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سانگلی کے تاس گاؤں حلقہ سے تعلق رکھنے والے ایم ایل سی آج اپنے عہدہ سے مستعفی ہوگئے ۔ سنجے کاکا پاٹل جنھوں نے اپنا مکتوب استعفیٰ مہاراشٹرا قانون ساز کونسل چیرمین شیواجی راؤ دیشمکھ کو پیش کردیا ، انھوں نے ایوان میں کہاکہ وہ این سی پی میں مسلسل ہراسانی کے پیش نظر اپنے عہدہ سے مستعفی ہورہے ہیں ۔ کوئی نام لئے بغیر پاٹل نے الزام عائد کیا کہ ایک وزیر اُنھیں ہراساں کررہے ہیں۔ اس دوران بی جے پی کے سینئر لیڈر گوپی ناتھ منڈے نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ کاکا پاٹل آج دیر گئے بی جے پی میں شامل ہورہے ہیں ۔ اُن کی پارٹی کے بعض دیگر قائدین بھی آنے والے دنوں میں بی جے پی کی صف میں آجائیں گے ۔

توگاڑیہ کے جھانسی میں داخلہ پر امتناع
جھانسی۔ 25 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام)ضلع انتظامیہ نے وی ایچ پی لیڈر پراوین توگاڑیہ کے داخلہ پر امتناع عائد کردیا ہے وہ 27 فروری کو شیوراتری کے موقع پر شہر کے مدھیہ علاقہ میں واقع مہاکلیشور مندر آنے والے تھے۔ انتظامیہ نے امن میں رخنہ اندازی کے خوف سے پراوین توگاڑیہ کے داخلہ پر امتناع عائد کیا ہے۔