این سی ای آر ٹی کی سفارشات قابل ستائش : غیور الحسن

نئی دہلی : نیشنل کمیشن فار مائناریٹیز کے چیر مین سید غیور الحسن رضوی نے نیشنل کونسل آف ایجو کیشن ریسرچ اینڈ ٹریننگ (این سی ای آر ٹی ) کے

ذریعہ اقلیتوں کے تعلیمی میدان میں ترقی کیلئے مرکزی حکومت کی پیش کی گئی رپورٹ کی سفارشات کو صحیح ٹھہراتے ہوئے ان اس کا خیر مقدم کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کچھ سفارشات پر عملی جامہ پہناکر اقلیتی طبقہ کے لوگوں کے تعلیمی شعبہ میں بہتری لائی جاسکتی ہے او رملک کے دیگر ہم وطنوں میں اقلیتوں کے بارے میں جو غلط فہمیاں وغیر ہ ہیں اسے بھی دور کیا جاسکتا ہے ۔

اس موقع پر قومی اقلیتی کمیشن کے چیر مین سید غیور الحسن رضوی نے کہا کہ مسلم آبادی والے علاقوں میں اردو میڈیم اسکول کھولنے کی سفارش کافی مناسب ہے اس پر حکومت کو عمل درآمد کرنا چاہئے ۔

انھوں نے کہا کہ اسکولوں میں اقلیتی طبقوں سے وابستہ تہوا ر وغیرہ منانے کا رواج عام کرنے کی ضرورت ہے ۔اس سے بچوں میں آپسی میل جول او ربھائی چارہ کا رواج بڑھے گا ۔

انہوں نے کہا کہ اس سفارشات کوعملی جا مہ پہناکر اقلیتی طبقہ کے لوگوں کے تعلیمی شعبے میں بہتری لائی جاسکتی ہے ۔واضح رہے کہ گذشتہ دنوں این سی ای آر ٹی نے اقلیتوں کی آبادی والے علاقوں میں اسکول کھولنے او ران کی ثقافت کو نصاب میں مناسب مقام دینے کی سفارش حکومت ہند سے کی ہے ۔

این سی ای آر ٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ اقلیتی فرقہ کے بچوں کے ساتھ ہونے والے تعصب او رانہیں پریشان کرنے جیسے مسائل کا حل نکالا جاناچاہئے ۔این سی ای آر ٹی نے مشورہ دیا کہ اسکولوں میں مذہبی اقلیتوں سے متعلق تہوار منائے جانے چاہئے ۔