این ایم ڈی سی فٹبال ٹورنمنٹ ایس بی ایچ کو سیمی فائنلز میں شکست

حیدرآباد ، یکم جون (ای میل) اسٹیٹ بینک آف حیدرآباد (ایس بی ایچ) کو این ایم ڈی سی آل انڈیا فٹبال ٹورنمنٹ کے سیمی فائنلز میں بالاجی اکیڈیمی، بھوبنیشور (اوڈیشہ) کے مقابل پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ناکامی ہوئی۔ چھتیس گڑھ میں دارالحکومت رائے پور کے باچیلی میں منعقدہ ٹورنمنٹ کے آخری چار والے میچ میں جو گزشتہ روز کھیلا گیا، ایس بی ایچ نے 65 ویں منٹ میں پنالٹی کے ذریعے سبقت حاصل کی۔ پنالٹی ایریا میں عبدالرحیم کے خلاف حریفوں نے فاؤل کیا ، جس پر ریفری نے پنالٹی عطا کیا ۔ میچ کے 94 ویں منٹ میں بالاجی اکیڈیمی نے رنجیت کمار کے ہیڈر کی مدد سے اسکور مساوی کیا۔ آخر میں معاملہ پنالٹی شوٹ آؤٹ تک پہنچا، جہاں بالاجی اکیڈیمی کی طرف سے رنجیت کمار، جے مہاراون، اے پرادھا نے گیند کو گول پوسٹ میں ڈالا جبکہ ایس بی ایچ کیلئے صرف پرکاش کامیاب ہوئے۔ مجموعی اسکور کو دیکھیں تو بالاجی اکیڈیمی کو 4-2 سے کامیابی ملی۔ فائنل یکم جون کو شام 7:00 بجے فلڈ لائٹس میں بالاجی اکیڈیمی اور بلاسپور ریلویز کے درمیان کھیلا جارہا ہے۔