نئی دہلی 24 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) این ایس یو آئی کے کئی کارکنوں نے آج ریل بھون کے روبرو احتجاج کیا۔ وہ شیوسینا رکن پارلیمنٹ کی لوک سبھا سے معطلی کا مطالبہ کررہے تھے کیونکہ اُنھیں ایک مسلم روزہ دار ملازم کو زبردستی کھلاتے ہوئے فلم بند کرلیا گیا ہے۔ احتجاجیوں کی قیادت این ایس یو آئی کے قومی جنرل سکریٹری موہت شرما شیوسینا مخالف نعرہ بازی کررہے تھے۔ این ایس یو آئی کے کارکن چاہتے تھے کہ ایوان پارلیمنٹ کے روبرو احتجاج کیا جائے لیکن اُنھیں ریل بھون کے قریب روک دیا گیا اور اُنھوں نے وہاں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ این ایس یو آئی کے قومی ترجمان امریش رنجن پانڈے نے کہاکہ ہم شیوسینا رکن پارلیمنٹ رنجن وچارے کی لوک سبھا سے معطلی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ یہ بے حس، فرقہ وارانہ اور مجرمانہ کارروائی تھی اور اِسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔ لوک سبھا میں اکثریت کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اُنھیں من مانی کرنے کا لائسنس مل گیا ہے۔ پانڈے نے کہاکہ وہ اُس وقت تک خاموش نہیں بیٹھیں گے جب تک کہ شیوسینا رکن پارلیمنٹ کو لوک سبھا سے معطل نہیں کردیا جاتا۔ احتجاجیوں نے پارلیمنٹ کی جانب پیشرفت کی کوشش کی۔ پولیس عہدیداروں نے ریل بھون کے روبرو اُنھیں روکنے کے لئے رکاوٹیں کھڑا کردی تھیں۔ جنرل سکریٹری اور کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔