این آئی اے نے حزب المجاہدین کے کمانڈ ر صلاح الدین کے دوسرے بیٹے کو بھی گرفتار کیا

سری نگر،30اگست (سیاست ڈاٹ کام)قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے )نے حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کے دوسرے فرزند کو بھی گرفتار کر لیاہے ۔ذرائع نے بتایاکہ سید شکیل احمد جوکہ سکمز صورہ میں بطور لیبارٹری ٹیکنیشن کام کرتا ہے ،کو سرینگر کے رام باغ علاقہ میں موجود رہائش گاہ سے شبانہ چھاپہ کے دوران گرفتار کیاگیاہے ، تاہم سرکاری طور اس کی باقاعدہ تصدیق نہ کی گئی ہے ۔ گذشتہ برس مرکزی تحقیقاتی ایجنسی نے صلاح الدین کے ایک دوسرے بیٹے سید شاہد یوسف کو فنڈنگ معاملہ میں گرفتار کیاتھا جوکہ تب سے تہاڑ جیل میں قید ہے ۔ شاہد محکمہ زراعت کا ملازم تھا جوکہ سوئی باغ میں بطور ایگریکلچرل اسسٹنٹ تعینات تھا، گذشتہ برس اکتوبر ماہ میں گرفتاری کے بعد، اس کو نوکری سے معطل کر دیاگیاتھا۔